کراچی: میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا ہے کہ کراچی کی بہتری کے لیے ہر دروازے پرگیا ہوں، بنا اختیارات کے ہم نے کچھ نا کچھ ڈلیور کیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں میئر کراچی وسیم اختر نے آل سٹی تاجر اتحاد کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کی بلدیاتی صورت حال سے سب واقف ہیں۔
وسیم اختر کا کہنا تھا کہ کراچی کی بہتری کے لیے ہر دروازے پرگیا ہوں، جیل سے نکل کر سیدھا وزیراعلی سندھ کے پاس گیا کہ مل کر کام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بڑے تاجر تو اسلام آباد جا کرمسائل حل کروا لیتے ہیں، بلدیاتی مسائل کا زیادہ شکار چھوٹے تاجر ہیں۔
میئر کراچی نے کہا کہ نچلی سطح تک اختیارات کی منتقلی چاہتے ہیں، بنا اختیارات کے ہم نے کچھ نا کچھ ڈلیور کیا۔ انہوں نے کہا کہ عدالتیں بھی شہرکی ترقی چاہتی ہیں، ججز نے وزیراعلیٰ سے پوچھا میئر کیسے شہر چلائے تمام اختیارات آپکے پاس ہیں؟
وسیم اختر کا کہنا تھا کہ گڈاپ،لیاری کو نئے اضلاع بنانے کی ہم مخالفت کریں گے، عدالت نے کراچی ماسٹر پلان کا کہا توانہوں نے سندھ ماسٹر پلان اتھارٹی بنا دی، کراچی کا 1200 ارب روپیہ ملتا ہے آخر جاتا کہاں ہے؟