کراچی: میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ کے اختیارات وفاق نے روکے ہوئے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ کسی کا تبادلہ کرتے ہیں تو وہ واپس آجاتا ہے، موجودہ اختیارات اور وسائل میں کچھ بھی نہیں کرسکتا،وزیراعلیٰ سندھ اور وزیر بلدیات سندھ سے اچھے تعلقات ہیں۔
یہ بات انہوں نے وسیم بادامی کے پروگرام الیونتھ آور میں کہی، یہ پروگرام کراچی کےعلاقے لیاقت آباد کی سڑکوں پر ریکارڈ کیا گیا۔
پروگرام میں لوگوں نے بڑھ چڑھ کر علاقے اور کراچی کے مسائل پیش کیے، حکومت پر تنقید کی، ووٹ لینے والوں کو تنقید کا نشانہ بنایا کئی مسائل کے جواب میں میئر کراچی نے فنڈز کی عدم فراہمی کا عذر پیش کیا اور کئی مسائل حل کرانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔
میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ جو اختیارات اس وقت میرے پاس ہیں ان میں کچھ نہیں کرسکتا تھا لیکن محدود اختیارات کے باوجود ہم کام کر رہے ہیں اور ہم نے 100 روزہ مہم کا اعلان کیا، صفائی مہم میں ہر ڈسٹرکٹ میں ٹیموں کا اعلان کیا تھا
ان کا کہنا تھا کہ کوشش کی ہے کہ حکومت کو بتائیں کہ ہم کام کرسکتے ہیں،ماضی میں سیاسی لیڈر ٹھیکے دے کر بھول جاتے تھے، آج کل ٹھیکے دینے کے بعد لیڈران سوجاتے ہیں،پیچھے بہت خامیاں ہیں لیکن اب ہم آگے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کے اختیارات وفاق نے روکے ہوئے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ کسی کا تبادلہ کرتے ہیں تو وہ واپس آجاتا ہے،موجودہ اختیارات اور وسائل میں کچھ بھی نہیں کرسکتا،وزیراعلیٰ سندھ اور وزیر بلدیات سندھ سے اچھے تعلقات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کی صفائی کے لیے لوگوں میں شعور کو اجاگر کیا، کراچی کی صفائی کے لیے لوگوں نے بھی ہمارا ساتھ دیا، ٹوٹی سڑکوں کا اندازہ ہے اور اس پر بھی کام جاری ہے،کراچی کا شہری ہوں اور شہر کے مسائل سے بخوبی واقف ہوں۔
مختلف سوالات پر انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس ان علاقوں میں ہوتی ہے جہاں وی آئی پیز ہوتے ہیں،ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں بہت کمی آئی ہے، ہمیں 2018 میں پہلے سے زیادہ ووٹ ملیں گے۔