کراچی : میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام چلنے والے اسپتالوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے ضروری اقدمات کررہے ہیں جلد عوام کو اسپتالوں کی حالت میں نمایاں بہتری نظر آئے گی۔
میئر کراچی وسیم اختر کراچی کے نجی اسپتال میں قائم کیے گئے نئے شعبے ایم آر آئی کا افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ کے ایم سی کے زیرِ انتظام چلنے والے اسپتالوں کی اپ گریڈیشن کے لیے جامع پروگرام مرتب کر رہے ہیں جس کے بعد کراچی کے عوام اسپتالوں کی حالتِ زار میں نمایاں بہتری دیکھیں گے۔
انہوں نے نجی اسپتال میں ایم آر آئی شعبے کے قائم کی تعریف کرتے ہوئے خدمت خلق کرنے والے ہر معاشرے میں بہت قدر کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں جب کہ سندھ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے میئر کراچی کا کہنا تھا کہ جو ذمہ داری حکومت کی بنتی ہے وہ شہری اپنی مدد آپ کے تحت کر رہے ہیں۔
میئر کراچی نے شہر میں لگے کچرے کے انبار کے بارے میں کہا کہ شہر کچرے سے بھرچکا ہے،سندھ حکومت نے چین سے کچرا اُٹھانے والی مشینری منگوائی ہے لیکن اس بارے میں شہری حکومت سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی ہے،شہر میں آٹھ سال سے کچرا جمع ہے تھوڑا وقت دیں سب بہتر ہو جائے گا۔
ایک سوال کے جواب میں میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا تھا کہ آنے والے وقت میں کے ایم سی اور کے ڈی اے کے مختلف معاملات کو حل کر لیا جائے گا۔