تازہ ترین

ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام کے لیے شجر کاری ضروری ہے، وسیم اکرم

کراچی: کرکٹ لیجنڈ اور کراچی کنگز کے صدر وسیم اکرم اور قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے شجر کاری مہم کا آغاز کردیا۔

تفصیلات کے مطابق وسیم اکرم اور سرفراز احمد نے کراچی کے علاقے پی آئی اے ٹاؤن شپ میں شجرکاری مہم کا افتتاح کیا، اس موقع پر وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی آلودگی بڑھتی جارہی ہے۔

اس موقع پر وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے ملک بھر میں بلین ٹری سونامی کا اعلان کیا ہوا ہے، اسی کے تحت ہم شجر کاری کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی آلودگی مسلسل بڑھ رہی ہے اور اس پر قابو پانے کے لیے شجر کاری بے حد ضروری ہے، اس کے بغیر مستقبل میں ہمارا سانس لینا محال ہوگا۔

تقریب میں سانحہ کرائسٹ چرج کے شہدا کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ اس موقع پرقومی ایئر لائن کے سی ای او کا کہنا تھا کہ شہدا کو خراج تحسین دیتے ہوئے شجرکاری مہم ان سے منسوب کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ دس روز قبل وزیر اعظم عمران خان نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ’’ بلین ٹری منصوبہ نرسریوں سے جنگلات کا رخ اختیار کرتا جار ہا ہے اور اس میں پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر دونوں کی مدد شامل ہے۔ اب ہمیں یقین ہے کہ ہم دس ارب درخت بھی لگا سکیں گے۔ خیبر پختونخواہ میں درختوں کے کل رقبے میں چار فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور یہ ماحولیاتی تبدیلی کے خلاف بڑی کامیابی ہے‘‘۔

خیال رہے کہ کے پی میں بلین ٹری منصوبے نے دنیا بھر میں پاکستان کے لیے عزت کمائی، عالمی اقتصادی فورم، عالمی ادارہ برائے تحفظ فطرت آئی یو سی این اور ورلڈ وائلڈ لائف سمیت کئی عالمی اداروں نے منصوبے کی تعریف کی ہے۔

Comments

- Advertisement -
علی حسن
علی حسن
علی حسن اے آروائی نیوز سے اسپورٹس رپورٹر کی حیثیت سے وابستہ ہیں اور کھیلوں کے معاملات میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں