لندن: سابق انگلش آل راؤنڈر اینڈریو فلنٹوف نے کہا ہے کہ لیجنڈ فاسٹ بولر وسیم اکرم کا میرے کیریئر میں بڑا کردار ہے، انہوں نے شعیب اختر اور وسیم اکرم کے ساتھ کاؤنٹی کھیلنے کی یادوں سے پردہ اٹھادیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق انگلش کرکٹر اینڈریو فلنٹوف نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے سابق اسپیڈ اسٹار شعیب اور وسیم اکرم کے ساتھ کھیل کر بہت انجوائے کیا اور وسیم اکرم کا میرے کیریئر میں بہت بڑا کردار ہے۔
فلنٹوف نے کہا کہ میں لنکاشائر میں وسیم اکرم کے ساتھ کھیلتا تھا جب میری عمر 16 برس تھی، وہ میرے ہیروز میں سے ایک تھے اورانہی کو میں نے بہت زیادہ فالو کیا تھا۔
اینڈیریو فلنٹوف کے مطابق وسیم اکرم کا شاگرد بن گیا، جب وہ بولنگ کرتے تھے تو میں سلپ میں فیلڈنگ کرتا تھا، میں ریورس سوئنگ اور انگوٹھے کی پوزیشن کے یہ سارے گر بہت دھیان سے دیکھتا تھا۔
سابق انگلش کرکٹر کا کہنا تھا کہ وسیم اکرم کو دیکھ کر ہی مجھے ریورس سوئنگ سیکھنے کا شوق پیدا ہوا، میرے کیریئر میں وسیم اکرم کا بہت حصہ تھا۔
فلنٹوف کے ثقلین کو چھکے سے شعیب اختر خوفزدہ
سابق اسپیڈ اسٹار شعیب اختر نے فلنٹوف کا سامنا کرنے کے اپنے تجربے کو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ میں ان کے خلاف کھیل کر بہت لطف اندوز ہوتا تھا۔
شعیب کا کہنا تھا کہ ہم فلنٹوف کے بارے میں وسیم اکرم کے توسط سے سیکھ گئے جب وہ مانچسٹر کی طرف سے کھیل رہے تھے اور بہت چھوٹے بچے تھے جو انتہائی محنتی تھا اور انگلینڈ کا اگلا ایان بوتم تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ جاننے میں بہت دلچسپی تھی کہ وہ بچہ کون ہے، میں نے آخرکار اسے 1998 میں شارجہ میں دیکھا تھا جہاں اس نے ثقلین مشتاق کو بڑے چھکے مارتے ہوئے مجھے خوفزدہ کردیا، ہمیں احساس ہوا کہ یہ لڑکا طاقتور اور اکثیر القابت والا ہے۔
شعیب اختر کے مطابق فلنٹوف حریف کھلاڑی تھا اور انگلینڈ کے لیے اکیلے ہاتھوں میچ جتوا سکتا تھا، ہم اس کے خلاف کھیل کر ہمیشہ لطف اندوز ہوتے تھے۔
واضح رہے کہ فلنٹوف نے 79 ٹیسٹ میچ کھیلے اور 31.8 کی اوسط سے 3845 رنز جبکہ 32.8 کی اوسط سے 226 وکٹیں بھی حاصل کیں، اسی طرح ون ڈے میں 141 میچز کھیلے 32.02 کی اوسط سے 3394 رنز بنائے، انہوں نے 7 ٹی ٹوینٹی انٹرنیشنل میں بھی ملک کی نمائندگی کی۔