کچھ لوگ کسی کو مشکل میں دیکھ کر ان کی مدد کی ہر ممکن کوشش کرتے ہیں اور انہیں اپنی جان کی بھی پرواہ نہیں ہوتی ایسا ہی کچھ اس ویڈیو میں دیکھا گیا ہے۔
امریکا میں ایک شخص نے ڈوبتے ہوئے کتے کو بچانے کے لیے آدھی منجمد جھیل میں چھلانگ لگادی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
امریکی ریاست کولوراڈو کی سلوان جھیل کی ویڈیو میں بہادر شخص کو کتے کو بچانے کے لیے بے خوف ہوکر جھیل میں چھلانگ لگاتے دیکھا جاسکتا ہے۔
ویڈیو شیئر کرنے والے انسٹاگرام صارف ہولی مورفیو نے بتایا کہ کتا اس وقت جھیل میں جا گرا جب وہ گیز کا پیچھا کر رہا تھا تاہم اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر اس شخص نے جس کی شناخت اب جیسن سکڈگل کے نام سے کی گئی ہے اپنے کپڑے اتار کر کتے کو بچانے کے لیے اندر غوطہ لگا لیا۔
عینی شاہد نے بتایا کہ کل میرا دوست اور میں سلوان جھیل کے ارد گرد سیر کے لیے گئے تھے ہم نے جھیل کی طرف ایک کتے کو گیز کا پیچھا کرتے ہوئے دیکھا پھر دیکھا کہ کتا جھیل میں چلا گیا اور اپنی جان بچانے کی کوشش کررہا ہے۔
ہم نے 911 پر کال کی اور فائر ڈیپارٹمنٹ کا انتظار کیا ہمیں یقین نہیں تھا کہ وہ شخص کتے کو بچا لے گا۔
لیکن اس نے کتے کو بچانے کے لیے جھیل میں چھلانگ لگادی مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہوئی کہ اس نے کتے کو بچا لیا اور وہ اب بالکل ٹھیک ہے۔