کراچی : واٹر بورڈ حکام نے پانی کو ترسے ہوئے کراچی کے شہریوں کو بڑی خوشخبری سنادی، پانی کی سیلائی کب بحال ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق جامعہ کراچی میں پانی لائن میں شگاف کا مرمتی کام مکمل کرلیا گیا ہے ، لائن کے متاثرہ حصے کوتبدیل کردیا گیا۔
واٹر کارپوریشن کا کہنا تھا کہ پانی کی فراہمی کل بارہ بجے شروع ہوجائے گی ، جس سے یونیورسٹی روڈ، گلشن اقبال، صدرٹاؤن، جمشید ٹاؤن اور لیاری والوں کو ریلیف مل سکے گا۔
اس سے قبل واٹر بورڈ حکام نے مرمت وقت پر نہ ہونے کا ملبہ پرانی لائنوں پرڈال دیا تھا اور کہا تھا کہ بوسیدہ لائنوں کی وجہ سےکام کی رفتارسست ہوگئی، کوشش ہے اتوار تک کام مکمل کرلیں۔
گذشتہ روز محکمہ انجینئرنگ کا کہنا تھا کہ اتنے وسیع نقصان کے بعد مرمت کا عمل 96 گھنٹوں میں مکمل کرنا ممکن نہیں رہا۔
ترجمان کے مطابق متاثرہ لائن پر نئے والو لگانے کی شکایات بھی موصول ہوئی تھیں جس پر ایم ڈی واٹر کارپوریشن کی ہدایت پر تحقیقات کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ 29 اپریل کو جامعہ کراچی سے گزرنے والی پانی کی 84 انچ قطرکی لائن پھٹ گئی تھی، جس کے باعث یونیورسٹی کا نصف سے زیادہ رہائشی علاقہ زیر آب اور پانی گھروں میں داخل ہوگیا تھا۔
جس کے بعد لائن کے مرمتی کام کے لئے شہر کے بڑے حصے کو پانی کی فراہمی معطل کردی گئی تھی ، مرمتی کام 24 گھنٹے جاری رہا اور کہا گیا تھا کہ 96 گھنٹے میں مکمل کرلیا جائے گا۔