اسلام آباد: وزیر اعظم کی زیر صدارت پی ٹی آئی اور اتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں آج ایف اے ٹی ایف سے متعلق قانون سازی کے لیے لائحہ عمل پر مشاورت مکمل کر لی گئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم نے پاکستان کے لیے فٹیف بلز کو منظور کرانا ہے، قبل ازیں ان کی زیر صدارت اتحادیوں کی پارلیمانی پارٹی اجلاس میں قانون سازی کے لیے لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ تمام ارکان مشترکہ اجلاس میں اپنی حاضری یقینی بنائیں، فیٹف بلز ہماری ذات کے لیے نہیں ملک کے لیے ہیں، کوشش ہے آج مشترکہ اجلاس سے یہ بلز منظور کرائیں گے۔
ایف اے ٹی ایف سے متعلق اہم قانون سازی، پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج شام 4 بجے طلب
اجلاس کے دوران ارکان نے اپنے اپنے حلقوں کے مسائل پر بھی گفتگو کی، ارکان پارلیمنٹ نے وزیر اعظم سے حلقوں کے مسائل حل کرنے میں تعاون کا مطالبہ کیا،جس پر انھوں نے کہا کہ میں عوامی مسائل سے آگاہ ہوں۔
وزیر اعظم نے یقین دہانی کرائی کہ عوامی مسائل ترجیحی بنیاد پر حل کریں گے، آج کے اجلاس کی اہمیت کو سمجھیں، ہم نے پاکستان کے لیے فیٹف بلز کو منظور کرانا ہے۔