تازہ ترین

کراچی میں بارش کی پیش گوئی، مری اور گلیات میں موسم سرما کی پہلی برف باری

کراچی: محکمہ موسمیات نے کراچی میں بارش کی پیش گوئی کی ہے، جب کہ مری اور گلیات میں موسم سرما کی پہلی برف باری ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، کہیں کہیں بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے، کم سے کم درجہ حرارت 13.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25 سے 27 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب 90 فی صد ہے، شمال مشرق سے ہلکی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، فضا میں آلودگی کے زرات کی مقدار 212 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کیا گیا ہے، اور ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی آج پانچویں نمبر پر ہے۔

ادھر مری اور گلیات میں موسم سرما کی پہلی برف باری ہوئی ہے، جس سے ہر طرف سفیدی چھا گئی، اور سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ ملک کے بیش تر علاقوں میں آج موسم سرد اور بالائی اضلاع میں مطلع ابر آلود رہے گا، گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختون خوا، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علا قوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے، صبح کے اوقات میں خطۂ پوٹھوہار میں بوندا باندی کا بھی امکان ہے۔

پنجاب اور بالائی سندھ کے بعض میدانی علا قوں میں ہلکی سے درمیانی دھند چھائی رہے گی، اسلام آباد اور گرد و نواح میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ صبح کے اوقات میں ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے، خیبر پختون خوا کے بیش تر اضلاع میں موسم سرد جب کہ بالائی اضلاع میں شدید سرد اورمطلع ابر آلود رہے گا۔ چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بونیر، مالا کنڈ، ایبٹ آباد، بالاکوٹ، مانسہرہ، پشاور، باجوڑ اور کرم میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔

پنجاب کے بیش تر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، مری اور گلیات میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کی پیشنگوئی ہے، راولپنڈی، جہلم، گجرات، سیالکوٹ، نارووال اور گرد و نواح میں صبح کے اوقات میں ہلکی بارش کا امکان ہے، بہاولپور، شیخوپورہ، ساہیوال، اوکاڑہ، قصور، لاہور، فیصل آباد، جھنگ، سرگودھا، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خانیوال، ملتان، خان پور، رحیم یار خان، ڈیرہ غا زی خان اور گرد و نواح میں ہلکی سے درمیانی دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔

بلوچستان کے بیش تر اضلاع میں موسم سرد رہے گا، جب کہ شمالی اضلاع میں شدید سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ کوئٹہ، زیارت، چمن اور گرد و نواح میں ہلکی بارش جب کہ پہاڑوں پر ہلکی برف باری ہو سکتی ہے۔ اس دوران مکران کے ساحلی علاقوں میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے۔

سندھ کے بیش تر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم صبح اور رات کے اوقات میں جیکب آباد، موہنجوداڑو، سکھر، لاڑکانہ، دادو، خیرپور، کشمور اور پڈعیدن میں ہلکی سے درمیانی دھند اور اسموگ چھائی رہنے کا امکان ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔

Comments

- Advertisement -