اسلام آباد : اکتوبر کے تیسرے ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں0.23 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ، رواں ہفتے 14اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ، 11اشیاکی قیمتوں میں کمی اور26کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق تازہ اعداد و شمارجاری کر دیئے ، جس میں بتایا گیا کہ رواں ہفتےمہنگائی میں0.23 فیصد کمی ہوئی ، جس کے بعد ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح 8.76 فیصد رہی۔
ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے14اشیاکی قیمتوں میں اضافہ ، 11اشیاکی قیمتوں میں کمی اور26کی قیمتیں مستحکم رہیں، ٹماٹرکی فی کلوقیمت میں 2 روپے 8 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق ادارہ شماریاتایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 10 روپے مہنگا ہوا جبکہ دہی، انڈے، آلو، تازہ دودھ، خشک دودھ بھی مہنگے ہوئے۔
ادارہ شماریات نے بتایا کہ پیازکی فی کلوقیمت میں 4روپےکی کمی ریکارڈکی گئی، زندہ مرغی کی فی کلوقیمت میں 3روپےکی کمی اور آٹے کے 20 کلو کے تھیلے کی قیمت14روپےکم ہوئی جبکہ دال مونگ، دال ماش،دال چنا کی قیمت میں 2 سے ایک روپے کی کمی ہوئی۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ چینی، گڑ، لہسن، ٹوٹا باسمتی چاول بھی سستےہوئے جبکہ پیٹرول،ڈیزل،مٹی کاتیل،گیس کےنرخ بدستورمستحکم رہے۔
گذشتہ ہفتے مہنگائی میں 0.45 فیصد اضافہ ہوا تھا ، جس کے بعد ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح9.20 تک پہنچ گئی، ایک ہفتے کے دوران 25 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، 9 اشیا کی قیمتوں میں کمی اور 17 کی قیمتوں میں استحکام رہیں۔