گولڈ کوسٹ: پاکستانی ویٹ لفٹر نوح دستگیر نے 105 کلو گرام سے زائد ویٹ لفٹنگ کیٹیگری میں کامن ویلتھ گیمز 2018 میں پاکستان کے لیے کانسی کا تمغہ جیت لیا۔
تفصیلات کے مطابق گولڈ کوسٹ، آسٹریلیا میں واقع کارارا اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والے کامن ویلتھ گیمز میں بیس سالہ ایتھلیٹ نے ایک ہی جھٹکے میں 173 کلو گرام کا ویٹ اٹھانے کے بعد 222 کلوگرام کا ویٹ بھی کامیابی کے ساتھ اٹھالیا۔ اس مقابلے میں نیوزی لینڈ کے ڈیوڈ لیٹی نے سونے اور سیمووا کے لاویٹیٹی لوئی نے چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا۔
نوح دستگیر کے تمغے کے ساتھ کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے میڈلز کی تعداد دو ہوگئی ہے۔ گزشتہ ہفتے طٰہ طالب نے مردوں کے 62 کلوگرام ویٹ لفٹنگ مقابلے میں پاکستان کے لیے کانسی کا پہلا تمغا جیتا تھا۔
کامن ویلتھ گیمز: پاکستان اورانگلینڈ کے درمیان ہاکی میچ دو دو گول سے برابر
مقابلے کے دوران کلین اینڈ جرک کے مرحلے میں بیس سالہ لفٹر پہلی کامیاب کوشش کے بعد دوسری اور تیسری کوشش میں کامیابی نہ حاصل کرسکنے کی وجہ سے سونے کے تمغے سے محروم رہے۔
واضح رہے کہ محمد نوح دستگیر بٹ نے 2016 میں ملائشیا کے شہر پنانگ میں منعقد ہونے والے کامن ویلتھ چیمپین شپس میں پاکستان کے لیے ایک چاندی اور ایک کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیاپر شیئر کریں۔