ابوظبی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق اور پاکستان سپرلیگ 6 کی فرنچائز ملتان سلطانز کے بولنگ کوچ اظہر محمود نے کہا ہے کہ ہمیں شعیب اختر کے متبادل کے طور پر تیز رفتار نوجوان بولر مل گیا ہے۔
اظہر محمود نے شاہ نواز دھانی کی کارکردگی پر اپنا خیال پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’ پاکستان کو شعیب اختر کی طرح کا تیز ترین بولر شاہ نواز دھانی کی صورت میں مل گیا ہے‘۔
پاکستان سپر لیگ کی فاتح بننے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’دھانی ہر وقت مسکراتا رہتا ہے، اگر اُس کی بال پر کوئی شارٹ بھی مارے تب بھی وہ جارحانہ رویہ اختیار نہیں کرتا، یہ ٹیم کے لیے ایک روشنی ثابت ہوسکتا ہے جیسے شعیب اختر تھا‘۔
مزید پڑھیں: پی ایس ایل 6 : شاہ نواز دھانی سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بن گئے
یہ بھی پڑھیں: شاہنواز ڈاہانی اور صہیب مقصود نے پی ایس ایل کا میلہ لوٹ لیا
انہوں نے کہا کہ ’یہ دھانی کا آغاز ہے، ہم نے اُس کی آؤٹ اور ان سوؤنگ پر ابھی کام کرنا ہے، میں پاکستانی ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس کو مشورہ دیتا ہوں کہ وہ دھانی کی کمزوریوں پر کام کریں‘۔
واضح رہے کہ سندھ کے شہر لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے 22 سالہ بولر شاہ نواز دھانی پاکستان سپرلیگ 6 کے گیارہ میچز میں 20 وکٹیں لے کر سرفہرست بولر رہے، جس پر انہیں ٹورنامنٹ کے ایمرجنگ پلیئر کا ایوارڈ بھی دیا گیا ہے۔