تازہ ترین

سعودی عرب اب کیا حیرت انگیز کام کرنے جا رہا ہے؟

سعودی عرب جہاں پہلے ہی نیوم کے نام سے حیرت انگیز تعمیراتی منصوبے پر کام جاری ہے اب وہ دارالحکومت ریاض کو سائنس فکشن شہر میں بدلنے جا رہا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ نے مملکت کے دارالحکومت ریاض میں دنیا کا سب سے بڑا سائنس فکشن شہری مرکز تعمیر کرنے کا اعلان کیا ہے جسے نیو مربع پراجیکٹ کا نام دیا گیا ہے۔

اس منصوبے کے تحت ریاض شہر کو 19 اسکوائر کلومیٹر تک توسیع دی جائے گی اور لاکھوں افراد وہاں رہائش اختیار کر سکیں گے۔ اس منصوبے کا مرکز مکعب نامی عمارت ہوگی جو 400 میٹر اونچی اور اتنی ہی چوڑی اور لمبی ہوں گی۔

یہ عمارت اتنی بڑی ہوگی کہ امریکا کی ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ جیسی 20 عمارات اس میں با آسانی سما سکتی ہیں۔ اس منصوبے کو 2030 تک مکمل کیا جائے گا مگر اس کی لاگت کے حوالے سے فی الحال تفصیلات ظاہر نہیں کی گئیں۔

یہ عمارت حیرتوں کا مجموعہ ہوگی جس میں ہولو گرافک ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی جو لوگوں کو خریداری اور کھانے پینے کا ایک نیا تجربہ فراہم کرے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ ٹیکنالوجی شہریوں کو اسپیس پوڈز، تیرتی ہوئی چٹانیں اور دیگر عجیب و غریب مناظر بھی دکھائے گی۔ صرف اتنا ہی نہیں بلکہ یہ عمارت رہائشی مراکز، ہوٹلوں اور دیگر سہولیات سے بھی لیس ہوگی۔

اس منصوبے کی خاص بات اس کا اپنا اندرونی ٹرانسپورٹ سسٹم ہوگا اور نیو مربع پراجیکٹ میں ہر جگہ تک رسائی 15 منٹ پیدل چل کر ممکن ہوگی۔

واضح رہے سعودی عرب اپنے دارالحکومت ریاض کو خطے کا ثقافتی اور صنعتی ہب بنانے کے منصوبے پر پہلے ہی گامزن ہے اور اس کے لیے 800 ارب ڈالرز کا خطیر بجٹ رکھا گیا ہے۔

Comments

- Advertisement -