اشتہار

شاہد آفریدی سے موازنے پر عثمان خان نے کیا کہا؟

اشتہار

حیرت انگیز

پی ایس ایل میں تیز ترین سنچری کرنیوالے عثمان خان نے بوم بوم آفریدی سے موازنے پر کہا ہے کہ وہ شاہد آفریدی کے قدموں کے برابر بھی نہیں ہیں۔

پاکستان سپر لیگ 8 میں گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز کے بیٹر عثمان خان نے کوئٹہ گلیڈیئٹرز کے صرف 36 گیندوں پر سنچری بنا کر لیگ میں تیز ترین سنچری کا ریکارڈ بنا ڈالا۔

عثمان خان نے 36 گیندوں پر سنچری کرکے نہ صرف پی ایس ایل میں تیز ترین سنچری کا قائم ریکارڈ 24 گھنٹوں سے بھی کم وقت میں توڑ کر اپنے نام کرلیا بلکہ 27 سال قبل کینیا میں شاہد خان آفریدی کی 36 گیندوں پر سنچری کی یاد تازہ کردی۔

- Advertisement -

میچ کے بعد پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں نے جب عثمان خان کا موازنہ 1996 میں کھیلی گئی شاہد آفریدی کی اُس تاریخ اننگ سے کیا تو عثمان خان نے کسر نفسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ شاہد آفریدی کے قدموں کے برابر بھی نہیں ہیں۔

پریس کانفرنس میں ایک صحافی نے سوال کیا کہ آپ کی سنچری سے ہمیں شاہد آفریدی کی یاد تازہ ہوگئی۔ اُن کی تیز ترین سنچری کے بعد لوگوں نے انہیں جاننا شروع کیا تھا۔ اب آپ بھی اچانک منظرِ عام پر آئے ہیں، تو کرکٹر کے طور پر کسے آئیڈل مانتے ہیں؟

اس کا جواب دیتے ہوئے عثمان خان نے کہا کہ آپ نے شاہد بھائی کا نام لیا ہے۔ ہم ان کے برابر تو کیا پاؤں کے برابر بھی نہیں ہیں، لیکن میں ہمیشہ اپنا نیچرل گیم کھیلتا ہوں، کبھی نہیں سوچا تھا کہ سنچری اسکور کروں گا۔

کرکٹ میں آئیڈیل کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں عثمان نے کہا کہ موجودہ دور میں محمد رضوان ہی میرے آئیڈیل ہیں جیسے وہ اننگز بناتے ہیں، اس وقت ان سے اچھا کوئی نہیں۔ میں ان سے سیکھنے کی کوشش کرتا ہوں کیونکہ وہ ذہنی و جسمانی طور پر بہت مضبوط ہیں۔

واضح رہے کہ عثمان خان نے گزشتہ روز 36 گیندوں پر سنچری اسکور کی اور اننگ کا اختتام 120 رنز پر کیا جس کے لیے انہوں نے صرف 43 گیندوں کا سامنا کیا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں