ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کردیے جس کے مطابق حالیہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں صفر اعشاریہ گیارہ فیصد کمی ہوئی۔
جاری رپورٹ کے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی مجموعی شرح اٹھارہ اعشاریہ باسٹھ فیصد رہی، سب سے کم آمدن والے افراد کے لیے مہنگائی کی شرح بیس اعشاریہ چوبیس فیصد رہی۔
ادارہ شماریات کے مطابق رواں ہفتے سترہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، آٹھ میں کمی جب کہ چھبیس کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
جن اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ان میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں اٹھارہ روپے تریپن پیسے اضافہ ہوا، لہسن تیرہ روپے پچپن پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔
حالیہ ہفتے میں اجناس کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا، رپورٹ کے مطابق دال چنا ایک روپے بانوے پیسے، دال ماش دو روپے ستاون پیسے، دال مسور ایک روپے چون پیسے اور دال مونگ اڑسٹھ پیسے فی کلو مہنگی ہوئی، آٹے کو بیس کلو کا تھیلے کی قیمت میں دو روپے اکیاون پیسے فی کلو اضافہ ہوا۔
ادارہ شماریات کے مطابق رواں ہفتے گوشت کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں اور مٹن دو روپے پینتالیس پیسے فی کلو جب کہ بیف ایک روپے چھیالیس پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دو سو گرام سرخ مرچ کا پیکٹ پچیس روپے پچاسی پیسے سستا ہوا جس کے بعد سرخ مرچ کے پیکٹ کی قیمت دو سو انسٹھ روپے نوے پیسے ہوگئی۔
ایک ہفتے کے دوران آلو ایک روپے ستر پیسے، پیاز ایک روپے پندرہ پیسے فی کلو سستی ہوئی، چینی کی قیمت میں ایک روپے پانچ پیسے فی کلو کمی ہوئی۔
برائلر مرغی تین روپے بیس پیسے فی کلو سستی ہونے کے بعد قیمت ایس سو چوراسی روپے چھ پیسے فی کلو ہوگئی جب کہ انڈوں کی قیمت میں بھی تین روپے تیراسی پیسے فی درجن کمی ریکارڈ کی گئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر رواں ہفتے اڑتالیس روپے چھپن پیسے سستا ہوا ہے۔