لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ زمبابوے کے خلاف سیریز اپنی کنڈیشن میں کھیلنے سے کپتان سمیت کھلاڑیوں کو فائدہ ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق زمبابوے کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان سے متعلق اپنے تازہ بیان میں مصباح الحق کا کہنا تھا کہ خوش آئند ہے بڑے عرصے بعد اپنے ہی گھر سے کرکٹ کا آغاز کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اپنی کنڈیشن میں کھیلنےسےکپتان سمیت کھلاڑیوں کو فائدہ ہوگا، زمبابوے کے خلاف سیریز کو مثبت انداز میں دیکھ رہے ہیں، ٹیم میں تجربہ کرنے سے پہلے سوچنا چاہیے کہ متوازن ٹیم تیار کی جائے۔
ہیڈ کوچ کا مزید کہنا تھا کہ مستقبل کے لیے اچھی ٹیم بنانے کے ساتھ جیتنا بھی ضروری ہے، مستقبل کو دیکھتے ہوئے مضبوط اور متوازن ٹیم بنانے کی کوشش کریں گے۔
ایک اور انٹرنیشنل ٹیم پاکستان آنے کو تیار
واضح رہے کہ رواں سال اکتوبر اور نومبر میں زمبابوے کے ساتھ تین میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز اور ٹی 20 میچز ملتان اور راولپنڈی اسٹیڈیمز میں کھیلے جائیں گے، ون ڈے میچز 30 اکتوبر، یکم اور 3 نومبر کو کھیلے جائیں گے، جس کے بعد 3 ٹی ٹوینٹی میچز 7، 8 اور 10 نومبر کو کھیلے جائیں گے۔
زمبابوے اسکواڈ کے 2 کووِڈ نائنٹین ٹیسٹ کیے جائیں گے، ایک ٹیسٹ ہرارے میں روانگی سے قبل 48 گھنٹوں کے دوران کیا جائے گا جب کہ دوسرا ٹیسٹ اسلام آباد پہنچنے کے فوراً بعد کیا جائے گا۔