کیلی فورنیا : واٹس ایپ انتظامیہ ایک ایسا نیا فیچر متعارف کرانے کی تیاری کررہی ہے جس میں صارف اپنے اکاﺅنٹ کو ایک سے زیادہ ڈیوائسز پر بیک وقت استعمال کرسکے گا۔
تفصیلات کے مطابق واٹس ایپ میں ایک ایسے فیچر کو متعارف کرانے پر کام ہورہا ہے جس کا انتظار صارفین کو طویل عرصے سے ہے کیونکہ یہ دیگر مقبول ایپس میں پہلے سے موجود ہے۔
واٹس ایپ کے اس نئے فیچر سے صارفین اپنے اکاﺅنٹ کو ایک سے زیادہ ڈیوائسز پر بیک وقت استعمال کرسکیں گے، گزشتہ چند ہفتوں کے دوران واٹس ایپ میں متعدد فیچرز متعارف ہوئے جیسے گروپ ویڈیو چیٹ کی تعداد چار سے بڑھا کر 8 کردی گئی تھی، کیو آرکوڈ سے کانٹیکٹس کو ایڈ کرنے اور انکرپٹڈ ڈیٹا بیک اپ بیٹا ورژن میں پیش کیے۔
مگر اس سال کے چند اہم ترین فیچرز میں سے ایک واٹس ایپ اکاؤنٹ کو بیک وقت کئی ڈیوائسز پر استعمال کرنا ہوگا۔
واٹس ایپ دنیا میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والی میسجنگ ایپ ہے اور ایس ایم ایس کی جگہ لگ بھگ لے چکی ہے مگر اب تک اس میں جو کمی سب سے زیادہ محسوس ہوتی ہے۔
وہ یہ ہے کہ صارف اپنا اکاؤنٹ ایک سے زیادہ فون میں استعمال نہیں کرسکتا، کسی دوسری ڈیوائس میں اسے ایک بار پھر نئے سرے سے سائن اپ ہونے کے عمل کو مکمل کرنا پڑتا ہے، اس کے مقابلے میں فیس
بک کی دوسری ایپ میسنجر کو متعدد ڈیوائسز پر بیک وقت استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اس فیچر کے حوالے سے کمپنی کی جانب سے گزشتہ سال سے کام ہورہا تھا مگر اب واٹس ایپ کی اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے والے ٹوئٹر اکاؤنٹWABetaInfoنے بتایا ہے کہ اب یہ فیچر بیٹا ورژن کی جانب پیشرفت کررہا ہے۔
ابھی یہ تو کہنا مشکل ہے کہ کب تک اسے عمملی شکل دی جائے گی مگر امکان ہے کہ رواں سال ہی کسی وقت اسے متعارف کرایا جاسکتا ہے۔
ابھی یہ واضح نہیں کہ واٹس ایپ کی جانب سے متعدد ڈیوائس کی سپورٹ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ میسجز کو انکرپٹڈ کیسے رکھا جائے گا۔
مگر اس کا ایک اندازہ حال ہی میں واٹس ایپ کے کلاؤڈ سرور میں محفوظ ہونے والے ڈیٹا کو انکرپٹ کرنے کی جانب پیشرفت کرنا ہے۔متعدد ڈیوائسز کی سپورٹ کے فیچر کے بارے میں سب سے پہلے گزشتہ سال جولائی میں خبر سامنے آئی تھی۔
WABetainfoنے اس وقت بتایا تھا کہ واٹس ایپ کی جانب سے ایک نئے پلیٹ فارم (یونیورسل ونڈوز پلیٹ فارم)کی تشکیل پر کام کیا جارہا ہے جو ایک اکاﺅنٹ کو بیک وقت کئی ڈیوائسز پر لاگ ان ہونے میں مدد دے گا۔
اس طرح کا فیچر ٹیلی گرام میسجنگ ایپ میں پہلے سے موجود ہے جس کے لیے کلاﺅڈ ٹیکنالوجی کو استعمال کرکے صارفین کے لیے ایک اکاﺅنٹ سے کئی ڈیوائسز پر بیک وقت لاگ ان ہونا ممکن بنایا گیا۔