نیویارک : واٹس ایپ اکاؤنٹس ہیک کرنے والے ہیکرز اب ایسا حیران کن طریقہ ڈھونڈ لائے ہیں، جس کے باعث صارف اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ سے محروم ہوجائے گا۔
تفصیلات کےمطابق دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ کے صارفین آئے روز ہیکنگ کے نئے حربے سے دوچار رہتے ہیں، اب ہیکرز لوگوں کے واٹس ایپ اکاؤنٹس ہیک کرنے کا نیا طریقہ لے آئے ہیں۔
سائبر سیکیورٹی ماہرین نے لوگوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے اس نئے طریقے میں صارفین کو چھ ہندسوں پر مشتمل ایک لاگ ان کوڈ کا حامل میسج موصول ہوگا۔
جس صارف کے فون پر یہ لاگ ان کوڈ کا حامل میسج آیا ہوتا ہے، اس کے کسی دوست کے واٹس ایپ سے ہیکرز اسے ایک اور پیغام بھیجتے ہیں۔ وہ اسے کہتے ہیں کہ میرا لاگ ان کوڈ غلطی سے آپ کی طرف آگیا ہے، پلیز وہ مجھے دے دو۔
صارف سمجھتا ہے کہ یہ اس کا دوست ہے جو اس سے کوڈ واپس مانگ رہا ہے، لہٰذا وہ بغیر سوچے یہ میسج اپنے دوست کو فارورڈ کر دیتا ہے اور پھر ان کا واٹس ایپ اکاؤنٹس ہیک ہوجاتا ہے۔
ماہرین نے بتایا کہ اگر صارف اس آدمی کو کوڈ بتا دیتا ہے تو اگلے ہی لمحے اس کے واٹس ایپ کا کنٹرول ہیکرز کے ہاتھ میں چلا جاتا ہے، کوڈ اس آدمی کو دینے کے بعد صارف کے موبائل فون سے واٹس ایپ اکاؤنٹ سائن آف ہو جاتا ہے اور اکاؤنٹ کے ساتھ ساتھ اس صارف کا کلاؤڈ بھی ہیکرز کے کنٹرول میں چلا جاتا ہے۔