سان فرانسسکو: پیغام رسانی کی سب سے بڑی موبائل ایپلیکیشن واٹس ایپ نے زوم، گوگل میٹ اور اسکائپ کے مد مقابل زبردست فیچر متعارف کرانے کی تیاری شروع کردی۔
واٹس ایپ پر نظر رکھنے والے ادارے ڈبلیو اے بیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ کا نیا فیچر ویڈیو کانفرنسنگ سے متعلق ہوگا مگر یہ دیگر کے مقابلے میں بہت زیادہ منفرد ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق اس فیچر کو مقبول ویڈیو کانفرنسنگ پلیٹ فارمز جیسے زوم، گوگل میٹ، اسکائپ اور دیگر کے مقابلے میں پیش کیا جارہا ہے۔
قبل ازیں واٹس ایپ نے گروپ کالنگ فیچر میں کالرز کی تعداد کو پچاس تک کرنے کا فیچر متعارف کرایا جسے صارفین نے بہت زیادہ پسند کیا۔
اب کمپنی نے نئے فیچر کی تیاری شروع کردی جس کے تحت صارف گروپ کالنگ میں اپنے فیس بک کے دوستوں کو بھی ایڈ کرسکے گا۔
اس سے قبل اسی طرح کا فیچر فیس بک نے متعارف کرایا، اب کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ جلد ہی یہ فیچر واٹس ایپ صارفین کے لیے بھی دستیاب ہوگا اور وہ فیس بک پر اپنے دستوں سے رابطے کے لیے انہیں براہ راست کال کرسکٰں گے۔
فیچر استعمال کرنے کا طریقہ
ڈبلیو اے بیٹا انفور کے مطابق میسنجر رومز کا یہ فیچر واٹس ایپ کے مخصوص صارفین کو دستیاب ہے کیونکہ کمپنی ابھی اس کی آزمائش کررہی ہے۔ آئی او ایس اور اینڈرائیڈ بیٹا ورژن استعمال کرنے والے صارفین بھی اس سہولت سے فی الحال فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے صارفین کو ایک چیٹ اوپن کرکے وہاں روم آپشن پر کلک کرنا ہوگا، جو نیچے اٹیچمنٹ ٹولز کے آپشنز میں ہوگا۔ اس پر کلک کرنے پر فیس بک میسنجر رومز ونڈو اوپن ہوجائے گی، جس کے بعد صارفین دوستوں کا اضافہ کرکے ویڈیو کال کرسکیں گے۔
رپورٹ کے مطابق فیچر کی آزمائش کا تجربہ کامیاب ہونے کے بعد اسے بہت جلد تمام صارفین کے لیے پیش کردیا جائے گا۔