بدھ, فروری 5, 2025
اشتہار

گندم کی بہتر نگہداشت کیلئے سفارشات جاری

اشتہار

حیرت انگیز

محکمہ زراعت سیالکوٹ نے ماہ دسمبر کے دوسرے پندھرواڑے کے دوران گندم کی بہتر نگہداشت کیلئے سفارشات جاری کردیں ہیں

ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت (توسیع) سیالکوٹ ڈاکٹر رانا قربان علی خان نے قومی خبررساں ادارے اے پی پی کو بتایا کہ کپاس، مکئی اور کماد کے بعد کاشتہ گندم کو پہلا پانی بوائی کے 20 تا 25 دن بعد جبکہ دھان کے بعد کاشتہ گندم کو 35 تا 45 دن بعد لگایا جائے ۔ گندم کو بقیہ نائٹروجن پہلے اور دوسرے پانی کے ساتھ برابر اقساط میں استعمال کریں جبکہ ریتلے علاقوں میں تین برابر اقساط میں ڈالیں کیونکہ ایسی زمینوں میں اسکے ضائع ہونے کا احتمال زیادہ ہوتا ہے بہتر ہے کہ ریتلی زمینوں میں پہلا پانی لگانے کے بعد نائٹروجنی کھاد کا استعمال تر وتر میں کریں۔

گندم کو اسپرے کرنے کے بعد یہ غلطی نہ کریں، کاشتکاروں کے لئے اہم ہدایت

جہاں فاسفورسی کھاد نہیں ڈالی گئی وہاں پہلے پانی کے ساتھ استعمال کریں۔ پچھیتی کاشت کی صورت میں کھادوں کی پوری مقدار بوقت بوائی استعمال کریں۔ اگر ممکن ہو تو پہلی آبپاشی کے بعد کھیت وتر حالت میں آنے پر دوہری بار ہیرو چلائیں۔ اس سے جڑی بوٹیاں بہت حد تک تلف ہو جاتی ہیں اور زمین میں وتر دیر تک قائم رہتا ہے۔

جڑی بوٹیاں گندم کی پیداوار کو 42 فیصد تک کم کر سکتی ہیں۔ یہ جڑی بوٹیاں گندم کی فصل میں پانی، کھاد اور دیگر وسائل کے ضیاع کا باعث بنتی ہیں۔ اس لیے گندم کی فصل سے جڑی بوٹیوں کی تلفی کے لیے مربوط طریقہ انسداد اختیار کریں۔

گندم میں جڑی بوٹیوں کا اُگاؤ بہت جلدی ہوتا ہے اور ان کی نشو و نما بھی تیز ہوتی ہے۔ اس لیے ان کو بر وقت تلف کرنے کی کوشش کریں ۔جڑی بوٹیوں کی تلافی کے لیے کیمیائی زہروں کا استعمال محکمہ زراعت کی سفارشات کے مطابق کریں۔معیاری سپرے کے لیے مخصوص نوزل (ٹی جیٹ یا فلیٹ فین ) استعمال کریں۔ تیز ہوا، دھند یا بارش میں سپرے نہ کریں۔

زہر کے چھڑکاؤ کے بعد گوڈی اور بار ہیرو کے استعمال سے پر ہیز کریں اور جڑی بوٹیوں کو چارہ کے طور پر ہر گز استعمال نہ کریں۔ ریتلے اور کلر اٹھے علاقوں کی زمینوں میں جڑی بوٹی مار زہروں کا استعمال محکمہ زراعت کے عملہ کے مشورہ سے کریں۔جڑی بوٹیوں کے انسداد کے لیے سپرے ہمیشہ کیلی بریشن کر کے کریں۔ پانی کی مقدار 100-120 لیٹر فی ایکڑ رکھیں۔ کسی جگہ دوہری سپرے نہ کریں اور نہ ہی کوئی خالی جگہ رہنے دیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں