آسڑیلیا کیخلاف کراچی میں سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگ میں پاکستانی ٹیم کے 148 پر آؤٹ ہونے پر بیٹنگ کوچ محمد یوسف بھی بول اٹھے۔
پاکستان کے بیٹنگ کوچ اور سابق مایہ ناز بلے باز محمد یوسف نے پاکستانی بیٹنگ کی ناکامی پر کہا کہ رن آؤٹ نے پاکستان کو نقصان پہنچایا، یہ نہیں ہونا چاہیے تھا۔
محمد یوسف نے کہا کہ رن آؤٹ ہونے کے بعد آسٹریلیا کو مومینٹم مل گیا ان کے پاس رنز بھی تھے، ان کی بولنگ بھی تجربہ کار ہے اور ان کو ریورس سوئنگ سے بھی مدد ملی۔
واضح رہے کہ کراچی میں کھیلے جارہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز پاکستانی ٹیم صرف 148 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور اس میں صرف دو کھلاڑی اوپنر عبداللہ شفیق اور فاسٹ بولر حسن علی ہی رن آؤٹ ہوئے۔
آسٹریلوی بولرز کے سامنے قومی ٹیم کا مڈل آرڈر بُری طرح ناکام ہوا اور کوئی بھی بیٹر ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکا، کپتان بابراعظم 36 رنز بناکر نمایاں رہے۔ راولپنڈی ٹیسٹ کے سینچری میکر عبداللہ شفیق 13 رنز پر رن آؤٹ ہوئے، امام الحق کی انفرادی اننگز 20 رنز تک محدود رہی،اظہر علی 14 رنز پر ہمت ہار بیٹھے، فواد عالم کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹے، محمد رضوان 13 رنز سے آگے اپنی اننگز نہ بڑھاسکے جبکہ آل راؤنڈر فہیم اشرف 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ساجد خان 5، حسن علی 0 اور شاہین شاہ آفریدی 19 رنز بناسکے۔
آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ڈبییو کرنے والے سیمپئسن 2 وکٹیں لے اڑیں جبکہ پیٹ کمنز، لیتھن لیون ،کیمرون گرین کےحصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
پاکستان پہلی اننگ میں 408 رنز کے بھاری خسارے کے ساتھ فالو آن ہوگئی تھی لیکن آسٹریلوی ٹیم نے پاکستان کو فالو آن کرانے کے بجائے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور تیسرے روز کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 81 رنز بنالیے، عثمان خواجہ 35 اور مارنوس لبوشین 37 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں، آسٹریلیا کی مجموعی برتری 489 رنز ہوگئی ہے۔
ڈیوڈ وارنر 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، پاکستان کی جانب سے واحد وکٹ حسن علی حاصل کرسکے۔
اس سے قبل آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز556 رنز 9 وکٹوں کے نقصان پر ڈیکلیئر کرنے کا اعلان کیا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان راولپنڈی میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ ہار جیت کے بغیر ختم ہوگیا تھا، دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری ٹیسٹ 21 مارچ سے لاہور کےقذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
قومی ٹیم کے بلے بازوں کی ناکامی پر سابق اسپیڈ اسٹار شعیب اختر نے بھی طنزیہ ٹوئٹ کیا۔
مزید پڑھیں: قومی ٹیم کے ڈھیر ہوتے ہی شعیب اختر کی بوریت ختم ہوگئی
شعیب اختر نے ٹوئٹر پر جاری ایک بیان میں کہا کہ ہاں جی مجھ سمیت سب کی بوریت دور ہوگئی ، 100 رنز پر 7 کھلاڑیوں کا آؤٹ ہوجانا انٹرٹینمنٹ ہی تو ہے۔