اسلام آباد : پاکستان پوسٹ نے معروف ای کامرس ویب سائٹ ایمازون کے پہلے فل فلمینٹ اینڈ فیسیلیٹیشن سینٹر (اے ایف ایف سی) کے ملتان میں افتتاح کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ایمازون کی جانب سے پاکستان کو سیلر لسٹ میں شامل کرنے کے بعد اپنا پہلا فل فلمینٹ اینڈ فیسیلیٹیشن سینٹر ملتان میں کھولا جارہا ہے، اس حوالے سے پاکستان پوسٹ کے پوسٹ ماسٹر جنرل ذوالفقار حسنین نے کہا کہ پاکستان پوسٹ نے اس ہدف کو حاصل کرنے کےلیے کافی محنت سے کام کیا۔
پوسٹ نے کہا کہ وزیر مواصلات مراد سعید کی جانب وزیراعظم عمران خان کے وژن کے تحت پاکستانی مصنوعات کی ایمازون تک رسائی کےلیے خصوصی اقدامات اٹھائے گئے۔
پوسٹ ماسٹر جنرل نے کہا کہ وزیراعظم نے پاکستانی مصنوعات کو عالمی مارکیٹ تک رسائی کےلیے حکم دیا تھا، اور اب پوسٹ آفس کے اس اقدام سے پاکستانی مصنوعات کو عالمی مارکیٹ تک رسائی حاصل ہوگی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جنرل پوسٹ آفس ڈیرہ اڈہ میں ایمازون فل فلمینٹ اینڈ فیسیلیٹیشن سینٹرکا بیشتر کام مکمل ہوچکا ہے جس کا افتتاح عید الاضحیٰ کے بعدکیا جائے گاجب کہ جی پی او ملتان میں ایمازون کا گودام بھی قائم کیا جائے گا۔
ذوالفقار حسنین نے مزید بتایا کہ بہاولپور ، رحیم یار خان ، مظفر گڑھ ، ساہیوال اور جنوبی پنجاب کے دیگر اضلاع میں بھی گودام اور اے ایف ایف سی قائم کرنے پر کام جاری ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستانیوں کے لیے بھی ایمازون پر فروخت ممکن، بڑی خبر
خیال رہے کہ رواں برس مئی میں پاکستان کے مشیر تجارت رزاق داؤد نے ای کامرس سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے خوشخبری سنائی تھی کہ ایمازون سیلر لسٹ میں پاکستان کو ڈالنے پر رضا مند ہوگیا ہے۔
رزاق داؤد نے کہا تھا کہ ایمازون کے ساتھ پچھلے ایک سال سے بات چیت جاری تھی جس کے ثمرات اب آنا شروع ہوئے ہیں، اس اقدام سے ایس ایم ای کمپنیز، نوجوانوں اور خواتین سرمایہ کاروں کو روزگار کے مواقع ملے گے۔