جمعہ, مارچ 21, 2025
اشتہار

کونسی اہم شخصیات ورلڈ کپ فائنل میں ’’پاک بھارت ٹاکرا‘‘ دیکھنا چاہتی ہیں؟

اشتہار

حیرت انگیز

میدان اور ایونٹ کوئی بھی ہو اگر مدمقابل پاکستان اور بھارت ہوں تو پھر اس پر دنیا بھر کی نظریں جم جاتی ہیں کئی سابق کھلاڑی ورلڈ کپ کا فائنل روایتی حریفوں کے درمیان دیکھنے کے خواہشمند ہیں۔

کرکٹ کے سب سے بڑے آئی سی سی ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ کے 13 ویں ایڈیشن کا انتظار اب ختم ہونے کو ہے اور چار روز بعد جوش اور ولولے سے سجا یہ میگا ایونٹ اپنی پوری آب وتاب کے ساتھ جمعرات 5 اکتوبر سے دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور رنر اپ نیوزی لینڈ کے درمیان افتتاحی میچ سے شروع ہوگا۔

میگا ایونٹ میں مجموعی طور پر 48 میچز 10 مختلف وینیوز پر کھیلے جائیں گے۔ 19 نومبر کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ہی فائنل مقابلے کے ساتھ اس جوش وخروش سے بھرپور رنگا رنگ کرکٹ میلے کا اختتام ہوگا۔

ایونٹ شروع ہونے سے کئی ہفتوں قبل سابق کھلاڑی اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے اور کرکٹ سے دلچسپی رکھنے والی شہرت یافتہ شخصیات ورلڈ کپ کی ٹاپ فور ٹیموں کی پیشگوئی کر رہے ہیں اور سوائے ایک آدھ تجزیہ نگار کے سب نے ہی روایتی حریف پاکستان اور بھارت کو سیمی فائنلز میں کھیلتا دیکھ رہے ہیں۔

یوں تو ایونٹ میں 14 اکتوبر کو جب احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں روایتی حریف پہلے مرحلے میں مدمقابل آئیں گے جو کرکٹ شائقین کے لیے ایونٹ کا سب سے بڑا مقابلہ ہوگا تاہم ماضی کے کئی نامور کرکٹ ستارے جنہیں کرکٹ پر موجود دسترس انہیں کرکٹ کا پنڈت بناتی ہے وہ تو میگا ایونٹ کا میگا مقابلہ یعنی فائنل میچ کو پاک بھارت ٹاکرا بنتے دیکھ رہے ہیں۔

آئی سی سی ورلڈ کپ کے آفیشل براڈ کاسٹر اسٹار اسپورٹس کو دیے گئے انٹرویو میں سابق ویسٹ انڈین اوپنر کرس گیل، لنکن اسپنر مرلی دھرن اور بھارتی بیٹر دنیش کارتک میگا ایونٹ کے فائنل میں روایتی حریفوں کے مدمقابل آنے کی پیشگوئی کر دی ہے۔

کرس گیل نے کہا کہ امید ہے کہ اس ورلڈ کپ کا فائنل ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہوگا جبکہ ریکارڈ 800 ٹیسٹ وکٹیں لینے والے سابق سری لنکن اسپنر جادوگر مرلی دھرن کا کہنا تھا میں گرین شرٹس اور بھارتی سورماؤں کے درمیان مقابلہ دیکھنا پسند کروں گا۔ اسی طرح سابق بھارتی کرکٹر دنیش کارتک نے بھی پاک بھارت فائنل دیکھنے کی توقعات کا اظہار کیا۔

اگر ان کی یہ پیشگوئی درست ثابت ہوئی تو یہ ون ڈے عالمی کپ کی 52 سالہ تاریخ کا سب سے یادگار میگا ایونٹ ہوگا کیونکہ اس سے قبل ہونے والے 12 عالمی کپ میں پاکستان اور بھارت کبھی فائنل میں ایک دوسرے کے مدمقابل نہیں آئے ہیں تاہم 2011 میں سیمی فائنل میں روایتی حریفوں کا ٹاکرا ضرور ہوا تھا جو دلچسپ مقابلے کے بعد میزبان بھارت کے نام رہا تھا۔

دوسری جانب سابق پاکستان فاسٹ بولر اور ورلڈ کپ کے کمنٹری پینل میں شامل وقار یونس، سابق پروٹیز کرکٹر جیک کیلس، ڈیل اسٹین اور پیوش چاؤلہ نے فائنل کیلئے بھارت اور دفاعی چیمپئین انگلینڈ کو مضبوط امیدوار کے طور پر نامزد کیا ہے۔

شین واٹس اور ایرون فنچ فائنل مقابلے میں آسٹریلیا اور بھارت کے مدمقابل آنے کے خواہاں ہیں۔ ایرون فنچ اور عرفان پٹھان کی فائنل میچ کی اہل ٹیمیں بھارت اور جنوبی افریقہ ہیں جب کہ فاف ڈوپلیسی نے فائنل کے لیے تین ٹیموں میں سے کسی دو کے درمیان یہ بڑا مقابلہ ہونے کے پیشگوئی کی ہے اور ان کئ مطابق آسٹریلیا، نیوزی لینڈ یا پھر بھارت سے دو ٹیمیں میدان میں ہوں گی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں