ورلڈ کپ کا 16 واں میچ آج گزشتہ میگا ایونٹ کی رنر اپ نیوزی لینڈ اور افغانستان کے درمیان کھیلا جا رہا ہے دونوں ٹیموں کے کئی کھلاڑی آج انفرادی ریکارڈز بنا سکتے ہیں۔
کرکٹ کا سب سے بڑا میلہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ 2023 بھارت میں جاری ہے آج چنئی میں رواں میگا ایونٹ کی تاحال ناقابل شکست ٹیم نیوزی لینڈ اور دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو زیر کرنے والی بلند حوصلہ افغانستان کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔
اس میچ میں دونوں ٹیموں کے کئی کھلاڑی انفرادی طور پر اہم سنگ میل عبور کر سکتے ہیں۔
نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر مچل سینٹنر اب تک ون ڈے میں 99 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ وکٹوں کی سنچری مکمل کرنے کے لیے انہیں آج ایک افغان بیٹر کے شکار کی ضرورت ہوگی۔
افغان بولر مجیب الرحمان بھی وکٹوں کی سنچری کا سنگ میل عبور کرنے کے لیے صرف چار وکٹوں کی دوری پر ہیں اپنی گھومتی گیندوں کے ذریعے کیویز کو حواس باختہ کرکے وہ بھی 100 وکٹیں حاصل کرنے والے بولرز کے کلب میں شامل ہو سکتے ہیں۔
ایک اور افغان کھلاڑی ابراہیم زردران کو ون ڈے میں ایک ہزار رنز مکمل کرنے کے لیے صرف 17 رنز درکار ہیں۔ اگر وہ آج کے میچ میں یہ سنگ میل عبور کر لیتے ہیں تو وہ افغانستان کی جانب سے تیز ترین ایک ہزار رنز بنانے والے پہلے بلے باز ہوں گے۔
افغانستان نے اپنی تمام توجہ 2019 کی رنر اپ نیوزی لینڈ کی طرف موڑ دی
واضح رہے کہ ورلڈ کپ 2023 کے 16 ویں میچ میں نیوزی لینڈ اور افغانستان کی ٹیمیں آج چنئی کے چیپک اسٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گی۔