کراچی: شہر قائد میں محکمہ پولیس کی جانب سے سندھ حکومت کو جواب دینے کے لیے کیے گئے دعوؤں کے برعکس جرائم میں اضافہ جاری ہے، تاہم اس سے بڑھ کر قابل غور امر جرائم پیشہ افراد کا وارداتوں کے دوران اطمینان کا رویہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایک واردات ایسی بھی ہوئی جس میں موٹر سائیکل لفٹرز کو موٹر سائیکل پسند کرنے میں پریشانی کا شکار ہونا پڑا، اس واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھ کر یہ پریشان کن حقیقت سامنے آتی ہے کہ جرائم پیشہ افراد کتنے اطمینان کے ساتھ وارداتیں کر رہے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے لیاری، بہار کالونی میں واردات کے دوران موٹر سائیکل اٹھانے والے دو جرائم پیشہ افراد نے دیر تک موقع واردات پر رہتے ہوئے موٹر سائیکل پسند کی، اور اسٹارٹ کر کے لے اڑے۔
پولیس رپورٹ کے مطابق لیاری بہار کالونی سے ملزمان شہری کی 125 موٹر سائیکل لے اڑے تھے، اے آر وائی نیوز کی حاصل کردہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں واردات کرنے والے ملزمان کا اطمینان قابل دید تھا، ملزمان نے چہرہ چھپانے کے لیے پی کیپ اور ہیلمٹ پہن رکھے تھے، ایک ملزم خود کو مصروف ظاہر کرنے لیے فون پر بات بھی کرتا رہا۔
فوٹیج کے مطابق ملزمان نے لائن میں کھڑی موٹر سائیکلوں میں سے ایک کو پسند کیا، تالا کھولنے کے بعد ملزم ککیں مارتا رہا، بہ مشکل اسٹارٹ ہونے والی موٹر سائیکل لے کر دونوں ملزمان فرار ہو گئے۔ موٹر سائیکل ایک شہری ابراہیم کی تھی، جنھوں نے کچھ عرصہ قبل 90 ہزار میں 2017 کا ماڈل خریدا تھا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق اولڈ سٹی ایریا میں اسٹریٹ کرائم، ڈکیتی اور موٹرسائیکل لفٹنگ کی وارداتیں عروج پر ہیں۔