پیر, جولائی 7, 2025
اشتہار

ٹرینوں کے کرائے میں اضافہ ہوگا؟ وزیر ریلوے کا اہم اعلان

اشتہار

حیرت انگیز

وزیر ریلوے سعد رفیق نے کہا ہے کہ ایکسپریس ٹرینوں کے کرائے میں 10 فیصد اضافہ ہوگا تاہم مسافر ٹرینوں کا کرائے میں اضافہ نہیں کیا جارہا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر ریلوے سعد رفیق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سابق حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ریلوے کا خسارہ بڑھ رہا ہے، لیکن مسافروں کو بہتر سہولتیں فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہے ہیں، ایکسپریس ٹرینوں کے کرائے میں 10 فیصد اضافہ ہوگا، فریٹ ٹرین کے کرایوں میں 15 فیصد اضافہ کیا جارہا ہے، تاہم مسافر ٹرینوں کا کرایہ نہیں بڑھایا جارہا ہے۔

سعد رفیق نے کہا کہ 2018 میں ہماری آمدنی 18 ارب سے بڑھ کر 50 ارب ہوچکی تھی اور اس وقت خسارہ ساڑھے 36 ارب روپے تھا، سابق حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ریلوے کا خسارہ بڑھ رہا ہے، انہوں نے نالائق سفارشی لوگوں کو بھرتی کیا، ایم ایل ون پر سابق حکومت نے کوئی کام نہیں کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ریلوے میں شفاف نظام لانے کی ضرورت ہے، ہم نے اپنی میرٹ پالیسی لاگو کردی ہے اور ہم قومی اداروں کو جتنا بہتر کرسکتے ہیں کریں گے، ٹرین میں خاتون سے زیادتی کا واقعہ بہت افسوسناک ہے، ٹرینوں کے اندر سی سی ٹی وی کیمرے لگانے پر مشاورت ہوئی ہے، پرائیوٹ ریلوے جو بھی اسٹاف بھرتی کرے گا اس کا پورا ریکارڈ رکھا جائے گا، آئی ٹی کے شعبے کو بھی دوبارہ فعال کیا جارہا ہے۔

سعد رفیق کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ پاکستان کے لئے مشکل ترین وقت ہے، ملک کو مسائل سے نکالنے کیلئے حدود کا تعین کرنا پڑے گا، ایک دوسرے کو اٹھا کر باہر پھینکنے کے بہت تجربے ہو چکے ہیں، اب عوام کو سہولتیں دینے کے لئے ایک دوسرے کو برداشت کرنا ہوگا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں