ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی نے خطے کو جنگ کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے، ایسے میں مختلف ممالک کی جانب سے دونوں ملکوں کو تحمل کا مظاہرہ کرنے کا کہا جارہا ہے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق وائٹ ہاؤس نے ایران پر اسرائیل کے حملے پر تبصرے سے گریز کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے سے متعلق فی الحال کچھ نہیں کہہ سکتے۔
پریس سیکریٹری کے مطابق کشیدگی میں کمی کیلئے اتحادیوں اور شراکت داروں سے مشاورت جاری ہے۔ امریکا اس تنازعے کو بڑھتا ہوا دیکھنا نہیں چاہتا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسرائیل نے ایران پر ڈرون حملہ کیا تھا، جس کے بعد ایران کا فضائی دفاعی میزائل نظام فعال ہوا اور دفاعی نظام نے اصفہان فوجی اڈے پر داغے گئے تینوں ڈرون کو تباہ کردیا۔
’جوبائیڈن کروڑوں ڈالر کے مزید ہتھیار اسرائیل کو دے رہے ہیں‘
حملے پر برطانیہ کا کہنا ہے کہ کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں ہے جبکہ اقوام متحدہ نے کہا کہ خطرناک کارروائی روکی جائے جبکہ یورپی یونین نے فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔