واشگنٹن: وائٹ ہاؤس نے امریکی نیوز چینل سی این این کے صحافی جم اکوسٹا کا پاس بحال کردیا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وائٹ ہاؤس پریس سیکریٹری سارہ سینڈرز نے کہا ہے کہ وائٹ ہاؤس نے سی این این کے صحافی جم اکوسٹا کا پاس بحال کردیا ہے، صحافیوں کو وائٹ ہاؤس پریس کانفرنس کے نئے قوانین کا احترام کرنا ہوگا۔
سارہ سینڈرز کے مطابق پریس کانفرنس کے دوران صحافی صرف ایک سوال پوچھ سکیں گے جبکہ فالو اپ سوالات کے لیے صدر ٹرمپ کی اجازت درکار ہوگی۔
یہ پڑھیں: سی این این رپورٹرکا پریس کارڈ منسوخ ، امریکی صدر ٹرمپ کے خلاف مقدمہ درج
واضح رہے کہ پریس کانفرنس کے دوران سوال کرنے پر امریکی صدر ٹرمپ نے سی این این کے صحافی جم اکوسٹا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ چینل کے لیے شرمناک ہے کہ تم جیسے رپورٹرز بھرتی کیے ہوئے ہیں، تم غلط خبریں دیتے ہو چینل چلاتا ہے، تم لوگوں کے دشمن ہو۔
جس کے بعد اگلے ہی روز وائٹ ہاؤس نے عالمی نشریاتی ادارے سی این این کے رپورٹر جم اکوسٹا کا پریس کارڈ منسوخ کردیا تھا اور کہا تھا کہ وائٹ ہاؤس میں صحافی کا داخلہ تاحکم ثانی بند رہے گا۔
مزید پڑھیں: سی این این کے صدر نے ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف کیس جیت لیا
یاد رہے کہ سی این این نے عدالت میں درخواست دائر کی تھی کہ ٹرمپ نے جم اکوسٹا کا پریس پاس معطل کرکے امریکی آئین کے تحت سی این این اور جم اکوسٹا کو حاصل حقوق پامال کیے ہیں۔
امریکی عدالت نے ٹرمپ کے خلاف فیصلہ دیتے ہوئے سی این این رپورٹر جم اکوسٹا کو وائٹ ہاؤس کا پاس دوبارہ جاری کرنے کا حکم دیا تھا۔