پیر, دسمبر 23, 2024
اشتہار

بابر اعظم کی ناکامی کا ذمے دار کون؟ دلچسپ تجزیہ

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم ان دنوں خراب فارم سے گزر رہے ہیں ان کی ناکامی پر سابق کپتان نے دلچسپ تجزیہ کیا ہے۔

بابر اعظم جو موجودہ دور میں دنیائے کرکٹ کے بہترین بلے بازوں میں شمار کیے جاتے ہیں اور قومی ٹیم کے سب سے کامیاب بلے باز ہیں تاہم گزشتہ ایک سال سے ان کی بیٹنگ فارم وہ نہیں رہی جس کی وجہ سے ان کے شائقین نے انہیں کنگ بابر کا خطاب دیا ہوا ہے۔

بابر اعظم کی ناکامیوں کا تسلسل بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں بھی برقرار رہا اور وہ صرف 64 رنز ہی اسکور کر سکے۔

- Advertisement -

ان کی پرفارمنس اور بیٹنگ فارم پر دلچسپ تجزیہ کرتے ہوئے سابق کپتان سلمان بٹ نے اس کا ذمے دار خود بابر اعظم کو ہی قرار دیا ہے۔

ایک مقامی نجی ٹی وی کے کرکٹ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سلمان بٹ نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ وہ موجودہ کرکٹ کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہے لیکن اس وقت وہ جس ناکامی سے گزر رہا ہے، اس کا ذمے دار بھی وہ خود ہے۔

سلمان بٹ نے کہا کہ پہلے پلیئرز بابر اعظم سے زیادہ آؤٹ آف فارم ہوتے تھے، لیکن اس وقت ٹیم میں ایک سے زائد میچ وننگ کھلاڑی ہوتے تھے اس لیے میچ بھی جیت جاتے اور عزت بھی بچ جاتی تھی، مگر اب الٹ ہے۔

انہوں نے کہا گزشتہ چند سال میں بابر اعظم نے تنہا ہی ٹیم میں اسکور کیا اور اتنا کیا کہ لوگ عادی ہوگئے کہ بابر ہمیشہ اور ہر میچ میں اسکور کرے گا اور اب جب وہ اسکور نہیں کر پا رہا تو سب اس کو ناکام کہہ رہے ہیں، لیکن موجودہ ٹیم میں بابر تنہا میچ وننگ پلیئر ہے، اگر وہ کسی میچ میں اسکور نہیں کرتا تو پاکستان وہ میچ ہار جاتا ہے۔

سلمان بٹ نے کہا کہ قصور ہماری ٹیم منیجمنٹ کا بھی ہے کہ انہوں نے موجودہ کرکٹ کے تقاضوں کے مطابق کھلاڑیوں کو تیار نہیں کیا اور سب کو پاور ہٹنگ کی طرز پر ٹریننگ دی جو آتے اور مار دھاڑ کر کے ٹیم کی حالت دیکھے بغیر آؤٹ ہو جاتے ہیں، جیسا کہ فخر زمان۔ ٹیم میں مشکل صورتحال میں کھیلنے والا کوئی پلیئر نہیں جیسا کہ بھارت یا انگلینڈ کی ٹیم میں ہوتے ہیں جہاں وہ کھل کر کھیلتے بھی ہیں اور جب مشکل صورتحال ہو تو وکٹ پر رک کر رنز کرتے ہیں۔

انہوں نے کرکٹ کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے کہا کہ کرکٹ میں نئے آنے والے لڑکے چار یا پانچ روزہ کرکٹ کو فضول سمجھتے ہیں اور اپنی جان چھڑاتے ہیں جب کہ طویل دورانیے کی کرکٹ ہی کھلاڑی کو کندن بناتی ہے۔

سلمان بٹ نے کہا کہ کرکٹ کی موجودہ تباہ کن صورتحال سے نکلنا ہے تو جو بھی پرفارم نہیں کر رہا پھر چاہے وہ ٹیم کا کھلاڑی ہو یا منیجمنٹ کا رکن اس کو باہر کر کے نئے لوگوں کو لانا چاہیے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں