کراچی :ہول سیلرزاورریٹیلرز نے دودھ کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتے ہوئے کہا کمشنر کراچی ڈیری فارمرز کی جانب سے دودھ کی قیمتوں میں اضافےکا نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا ۔
تفصیلات کے مطابق ہول سیلرزاور ریٹیلرز نے ڈیری فارمرز کی جانب سے دودھ کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کردیا ، ملک ہول سیلرز ایسوسی ایشن کے ترجمان عشرت خان نے دودھ کی قیمت میں غیر قانونی اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کمشنر کراچی سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈیری فارمرز کی جانب سے دودھ کی قیمتوں میں اضافہ کو روکنے کے اقدامات کرے ۔
دوسری جانب ریٹیل کی سطح پر دودھ کی قیمت میں اضافے کوغیرقانونی اور بلاجوازقراردیاجارہاہے ۔
سیکریٹری یونائیٹڈ ملک ریٹیلرز ایسوسی ایشن سلیم گجر کا کہناہے کہ سرکاری سطح پر دودھ کی قیمتوں میں اعلان تک کوئی اضافہ نہیں کیاجائے گا ، کمشنر کراچی ڈیری فارمرز کی جانب سے دودھ کی قیمتوں میں اضافہ کا نوٹس لیں۔
سلیم گجر کے مطابق نئے نوٹیفکیشن کے آنے تک پرانی ہی قیمتوں پردودھ فروخت کیاجائے گا، دودھ کی قیمت میں اضافہ کی صورت میں ریٹیل کی سطح پر دودھ کی فی کلو قیمت 94 روپے فی لیٹرسے بڑھ کر قیمت110 روپے فی لیٹر تک ہوجائے گی۔
مزید پڑھیں : کراچی، ڈیری فارمرز کا دودھ کی قیمت میں 10 روپے فی لیٹر اضافے کا اعلان
آل کراچی ملک ریٹیلرز ایکشن کمیٹی کے مطابق ڈیری فارمرز اخراجات کے مطابق کمشنر کراچی سے منظور کروانے میں ناکامی کے بعد اس کا ملبہ دکانداروں پر ڈال کر انہیں اذیت میں مبتلا کرنا ناانصافی ہوگی۔
یاد رہے ڈیری فارمرز نے کمشنر کراچی کے احکامات ہوا میں اڑاتے ہوئے دودھ کی قیمت میں 10 روپے فی لیٹر اضافے کا اعلان کیا تھا ، جس کے بعد دودھ کی قیمت 85 روپے سے بڑھاکر 95 روپے فی لیٹر کردی گئی۔
ڈیری فارمرزایسوسی ایشن کے صدرحاجی اخترناگوری کے مطابق پیداواری اخراجات اور ڈیزل کی قیمت بڑھنے کے باعث قیمت میں اضافہ کیا۔
خیال رہے کہ رواں سال اپریل میں دودھ کی فی لیٹر قیمت میں اچانک 23 روپے اضافہ کردیا گیا تھا، جس کے بعد صوبائی وزیر اسماعیل راہو نے نوٹس لیتے ہوئے کہا تھا کہ ڈیری فارمرز کی من مانی نہیں چلنے دیں گے۔
اسماعیل راہو نے کہا تھا کہ 26 روپے فی کلواضافہ کرنے پرکارروائی کی ہدایت دے دی ہے ، دودھ کی 94 فی لیٹر قیمت ہے اسی پر ہی فروخت کی جائے۔