بھارتی ایتھلیٹ نیرج چوپڑا کی والدہ بھی ارشد ندیم کے لیے خوش ہیں کہ وہ اپنے ملک کے لیے ورلڈ ایتھلیٹک چیمپئن شپ میں میڈل جیتنے میں کامیاب رہے۔
ذرائع ابلاغ سے گفتگو کے دوران ایک بھارتی صحافی نے سروج دیوی 1سے عجیب سوال کیا کہ پاکستانی کھلاڑی کو شکست دینا کتنی بڑی کامیابی ہے، جس کا کرارا جواب دیتے ہوئے نیرج کی والدہ کا کہنا تھا کہ میدان میں تمام کھلاڑی برابر ہوتے ہیں وہاں ملکوں کی تقسیم نہیں ہوتی۔
انھوں نے مزید کہا کہ وہ اس بات پر خوش ہیں کہ ارشد بھی میڈل جیتنے میں کامیاب رہے، کیوں کہ میدان میں تو سب کھلاڑی کی حیثیت سے ہی موجود ہوتے ہیں جن میں سے کسی نہ کسی کو جیتنا ہوتا ہے۔
سروج نے صحافی کو مزید واضح جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہریانہ سے ہونا یا پاکستان سے ہونا اس کی کوئی بات نہیں، پاکستان سے جیتنے والے کے لیے بھی خوش ہوں۔
واضح رہے کہ نیرج چوپڑا کا بھی کہنا تھا کہ ارشد کے لیے خوشی ہوئی کیوں کہ پہلے یورپین ایتھلیٹس تھے اب ہم ان کے لیول پر پہنچ چکے ہیں، ہم نے دونوں ممالک کے آگے بڑھنے کے بارے میں گفتگو کی۔