اسلام آباد: سول ایوی ایشن اتھارٹی کے عملے کی مبینہ غفلت کے باعث اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران ایک جنگلی جانور طیارے سے ٹکرا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر سی اے اے کے عملے کی مبینہ غفلت کی وجہ سے رن وے پر جنگلی جانور داخل ہو گیا، ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ دوران لینڈنگ جنگلی جانور طیارے سے ٹکرا گیا تاہم پائلٹ نے حاضر دماغی سے کام لیتے ہوئے ایمرجنسی بریک لگا دیے۔
نجی ایئر لائن کی پرواز ای آر 702 دبئی سے اسلام آباد پہنچی تھی، لینڈنگ کے دوران اچانک جنگلی جانور رن وے پر آ گیا، کپتان کے ایمرجنسی بریک لگانے کے دوران جانور طیارے سے ٹکرا گیا، حادثے کے بعد کپتان نے واقعے سے متعلق سول ایوی ایشن اتھارٹی کو اطلاع دے دی، جس پر انجنیئرنگ عملے نے جہاز کا معائنہ کیا۔
سول ایوی ایشن کے ترجمان کے مطابق لینڈنگ کے بعد پائلٹ نے رن وے پر لینڈنگ رول کے دوران نوز وہیل پر جانور ٹکرانے کی اطلاع دی، رن وے کا معائنہ پر ٹیکسی وے سی اور ایف کے درمیان مردہ جانور کی باقیات بھی پائی گئیں، تاہم متعلقہ ایئر لائن کے انجینئرنگ شعبے نے ہوائی جہاز کو کوئی نقصان نہ پہنچنے کی اطلاع دی۔
ترجمان نے کہا کہ اسلام آباد ایئر پورٹ پر پیش آئے واقعے کو جہاز کو حادثہ کہنا قطعی درست نہیں، وائلڈ لائف کو ایئر پورٹس سے دور رکھنے کے ہر ممکن انتظامات کیے جاتے ہیں، متعلقہ حکام واقعے کے محرکات کا جائزہ لے رہے ہیں۔