مقبوضہ بیت المقدس کے قریب بھڑکنے والی آگ شدت اختیار کر گئی جس سے خوفناک صورتحال کا سامنا ہے۔
اسرائیل نے تیزی سے پھیلنے والی جنگل کی آگ پر قومی ایمرجنسی کا اعلان کیا ہے اور کئی ممالک سے مدد کی درخواست کی ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق بدھ کے روز مقبوضہ بیت المقدس کے ارد گرد کے پہاڑوں میں آگ لگنے سے کم از کم 12 افراد دم گھٹنے کا شکار ہو گئے۔
فلسطینی اتھارٹی نے مبینہ طور پر آگ بجھانے میں مدد کی پیشکش کی تھی حالانکہ اسرائیل نے اس تجویز کا کوئی جواب نہیں دیا۔
اسرائیلی حکومت نے قبرص، یونان، کروشیا اور اٹلی سمیت پانچ ممالک سے مدد مانگی ہے۔
آن لائن گردش کرنے والی ویڈیو فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ یروشلم کی ایک بڑی سڑک کے قریب آگ کے شعلے بھڑک رہے ہیں، آگ پر قابو پانے کے لیے طیارے منگوائے گئے ہیں۔
وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے فوج کے سربراہ ایال ضمیر سے مدد کے لیے فوجیوں کو تعینات کرنے کا مطالبہ کیا۔ کاٹز کے دفتر سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم ایک قومی ہنگامی صورتحال میں ہیں اور ہمیں جانیں بچانے اور شعلوں پر قابو پانے کے لیے تمام دستیاب وسائل پر توجہ مرکوز کرنی ہے۔