لاہور: ورلڈ 2019 کے بعد کوچ اور چیف سلیکٹر کے انتخاب کا مرحلہ تو طے ہوا، البتہ کپتان کا اعلان ابھی باقی ہے.
تفصیلات کے مطابق مکی آرتھر اور انضمام الحق کے عہدوں کی معیاد ختم ہونے کے بعد خالی ہونے والی اسامیاں سابق کپتان مصباح الحق کو سونپ دی گئی ہیں.
ورلڈ کپ کے بعد یہ خبر گردش کر رہی تھی کہ شاید سرفراز احمد کم از کم کسی ایک فارمیٹ کی قیادت سے ہاتھ دھو بیٹھیں، البتہ اب یوں لگتا ہے کہ شاید کچھ عرصے انھیں ہی کپتان برقرار رکھا جائے.
گزشتہ روز کی پریس کانفرنس میں مصباح الحق نے بھی سرفراز احمد کو کپتان برقرار رکھنے کا گرین سگنل دیا تھا.
ایک سوال کے جواب میں ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر کا عہدہ سنبھالنے والے مصباح الحق نے کہا کہ سرفراز احمد نے کیمپ میں سخت محنت کی، فٹنس میں بہتری لائے ہیں.
دوسری جانب ایم ڈی پی سی بی وسیم خان نے کہا تھا کہ تینوں فارمیٹس میں قیادت کا فیصلہ جلد طے ہوجائے گا. اس ضمن میں اگلے ہفتے اعلان متوقع ہے.
سرفراز بہ مقابلہ اظہر علی
دوسری جانب پری سیزن کیمپ میں شریک قومی کرکٹرزمظفر آباد روانہ ہوگئے، جہاں 6 ستمبر کو نمائشی میچ کھیلا جائے گا.
پی سی بی چیئرمین الیون اورآزاد جموں کشمیر پرائم منسٹر الیون کے مابین ٹوئنٹی میچ کا مقصد علاقے میں کرکٹ کو فروغ دینا ہے۔
سرفراز احمد پی سی بی چیئرمین الیون کی قیادت کریں گے. آزاد جموں کشمیر وزیر اعظم الیون کا کپتان اظہرعلی کو مقررکیا گیا ہے.
خیال رہے کہ اظہر علی ہی ٹیسٹ کرکٹ کی قیادت کے لیے مضبوط ترین امیدوار تصور کیے جارہے ہیں.