بینکوں سے ونڈفال ٹیکس وصولی کی مد میں ایک اور بڑی کامیابی مل گئی۔
سندھ کے بعد لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے حکم امتناع ختم کیے جانے کے بعد بینکوں نے اربوں روپے ٹیکس کی مد میں قومی خزانے میں جمع کروا دیے۔
اعلامیہ کے مطابق چار ہفتے میں 34.5 ارب روپے سے زائد رقم قومی خزانے میں جمع ہو گئی۔ لاہور ہائیکورٹ نے بھی پنجاب میں بینکوں کی درخواستوں پر حکم امتناع ختم کرنے کا فیصلہ تھا۔
حکم امتناع خارج ہونے پر پنجاب کے بینکوں نے آج ٹیکس قومی خزانےمیں جمع کرایا۔ پنجاب کے 7بینکوں نے مجموعی طور پر 11ارب 48کروڑ 36لاکھ سے زائد رقم جمع کرائی۔
وزیراعظم نے مقدمات کی پیروی کرنے کے خصوصی احکامات جاری کیے تھے۔ تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک مربوط حکمت عملی کے تحت ایسا اقدام کیا گیا۔
واضح رہے کہ 3ہفتے پہلے سندھ ہائیکورٹ نے بھی حکم امتناع ختم کیا تھا جس پر 23ارب جمع کرائے گئے تھے۔ 2023 میں بینکوں پر انکم ٹیکس ایکٹ کے سیکشن 99 ڈی کےتحت ونڈفال ٹیکس عائد کیا گیا تھا۔