کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما شہلا رضا نے کہا ہے کہ جیتنے اور ہارنے والے دونوں پریشان ہیں، پی پی قیادت کا میڈیا ٹرائل کیا گیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں انٹرویو دیتے ہوئے کیا، شہلا رضا کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کو اندرون سندھ میں ہرانے کی کوشش کی گئی، ہمارا میڈیا ٹرائل ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کا اتحاد نیا نہیں ہے، بلدیاتی انتخابات میں بھی ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کا اتحاد ہوچکا ہے، دیکھتے ہیں مستقبل میں کیا ہوتا ہے۔
رہنما پی پی کا کہنا تھا کہ سندھ اسمبلی نے بہت سی قانون سازی کی ہے جس کی تعریف کی گئی، پیپلز پارٹی نے صوبے کے لیے خدامات انجام دیں۔
پاکستان میں 1970 کے بعد کبھی شفاف الیکشن نہیں ہوئے: شہلا رضا
شہلا رضا کا کہنا تھا کہ کراچی میں امن ن لیگ نہیں پیپلزپارٹی لےکر آئی ہے، ہم نے شہر میں امن کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے، پی پی نے سندھ میں 100 میگاواٹ بجلی پیدا کی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ن لیگ نے سندھ حکومت کو ایک پائی نہیں دی تھی، کراچی میں ماضی میں لاشیں گرتی تھیں ایسی صورت حال کو پیپلزپارٹی نے کنٹرول کیا۔
خیال رہے کہ گذشتہ ماہ شہلا رضا نے پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں ہونے والے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ کراچی میں تمام غیر قانونی ہائیڈرنٹس پیپلزپارٹی دور میں ختم کئے گئے، ہم نے عوام کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے۔