جنوبی کیرولینا: امریکی ریاست میں دو دکانوں میں کھانے کی چیزوں پر تھوک لگانے اور کھانسنے والی خاتون پکڑ میں آ گئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست جنوبی کیرولینا میں پولیس نے اس خاتون کو گرفتار کر لیا ہے جس نے ایک گروسری اسٹور اور ایک سینڈوچ شاپ پر کھانے کی چیزوں پر تھوک لگائی تھی۔
38 سالہ شینئر گبسن ہالیڈے کو گروسری اسٹور میں مشکوک حرکات کرنے کی شکایت پر پولیس نے ہفتے کو تحویل میں لیا تھا، پولیس کا کہنا تھا کہ سمٹر کاؤنٹی میں پائن ووڈ روڈ پر گروسری اسٹور کے سرویلنس فوٹیج میں ہالیڈے کو ہاتھ چاٹتے اور کھانے کی اشیا اور فریزر کے دروازے پر لگاتے ہوئے دیکھا گیا، اس سے قبل اس نے کھانسی بھی کی۔
کھانے پینے کی چیزوں پر تھوک لگانے والے 2 افراد گرفتار
پولیس کے مطابق خاتون ہالیڈے نے یہی حرکت اسٹور کے ڈرائی فوڈ سیکشن میں بھی کی، جب کہ اس سے ایک ہفتہ قبل اسی خاتون نے پیچ آرچرڈ روڈ پر سینڈوچ شاپ میں بھی سکوں کے باکس سے سکہ نکال کر چاٹا اور واپس رکھا تھا۔
سمٹر کاؤنٹی پولیس نے اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی ریلیز کر دی ہے، یہ واقعہ 27 اپریل کو پیش آیا تھا۔ اس ویڈیو میں خاتون اپنی ہتھیلی چاٹتی، پٹیٹو چپس کے پیکٹس پر ہاتھ لگاتی، ٹپ کے مرتبان سے سکے نکال کر منہ میں رکھ کر واپس رکھتی نظر آ رہی ہے۔
دکان کے مینجر نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ خاتون نے رقم کی ادائیگی سے قبل بھی اپنے ہاتھ چاٹے تھے، اور دکان کی ڈیبٹ کارڈ مشین کو ہاتھ لگایا تھا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ خاتون ہالیڈے پر امن کو نقصان پہنچانے اور خوارک کی چیزوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کا الزام عائد کیا گیا ہے، خاتون کا کرونا وائرس ٹیسٹ بھی کیا جائے گا۔