کراچی : شہر قائد میں تیز رفتار ہیوی ٹریفک شہریوں کی جان کا دشمن بن گیا، ڈمپر کے بعد بس کی ٹکر سے ایک اور خاتون جان کی بازی ہار گئی۔
بلدیہ لکی چڑھائی کے قریب تیز رفتار بس کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار فیملی شدید زخمی ہوگئی، حادثے میں اایک خاتون جاں بحق جبکہ ان کی بیٹی زخمی ہوگئی۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں تیز رفتار بس کی ٹکر سے زخمی ہونے والی خاتون اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئی۔
اس حوالے سے ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ مقتولہ کی شناخت 30 سالہ عائشہ کے نام سے کی گئی ہے جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی۔
رپورٹ کے مطابق تیز رفتار بس نے موٹرسائیکل سوار فیملی کو ٹکر ماری، افسوسناک حادثے میں موٹر سائیکل پر سوار 8 سالہ مریم زخمی ہوگئی تاہم باپ زخمی ہونے سے محفوظ رہا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مقتولہ 30 سالہ عائشہ کے دیور نے بتایا کہ حادثہ تیز رفتار مسافر بس کی ٹکر سے پیش آیا۔
دیور کا کہنا تھا کہ بھائی اور بھابھی بچوں کے ہمراہ موٹر سائیکل پر آرہے تھے، تیز رفتار مسافربس نے موٹر سائیکل کو ہٹ کیا، حادثے میں بھابھی جاں بحق اور بھتیجی زخمی ہوئی۔
اس سے قبل گزشتہ ماہ 21 جنوری کو کراچی میں سہراب گوٹھ سپر ہائی وے پر ڈمپر کی ٹکر سے ایک خاتون جاں بحق ہوگئی تھی، پولیس کے مطابق خاتون رکشہ سے اتر رہی تھی کہ اس دوران ڈمپر نے اسے کچل دیا حادثے کے بعد ڈرائیو موقع سے فرار ہوگیا تھا۔
کراچی میں خونی ڈمپر نے مزید موٹر سائیکل سوار 3 افراد کو کچل ڈالا