ٹوبہ ٹیک سنگھ: کمالیہ کے سرکاری اسپتال میں لیڈی ڈاکٹر کی بے حسی کے باعث حاملہ خاتون نے سڑک کنارے بچے کو جنم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تحصیل کمالیہ کے سرکاری اسپتال میں لیڈی ڈاکٹر کی جانب سے خاتون کی ڈلیوری نہ کرانے پر بے بس لاچار خاتون نےاسپتال کے سامنے سڑک کنارے ہی بچے کو جنم دے دیا۔
بچے کی پیدائش کے بعد اسپتال انتظامیہ نااہلی چھپانے کے لیے خاتون اور بچے کو اسپتال میں لے گئی۔
کمالیہ کی رہائشی صفیہ بی بی نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ گزشتہ شام وہ اپنی بیٹی رابعہ کو ڈلیوری کے لیے اسپتال لائی تھی، رات ساڑھے گیارہ بجے لیڈی ڈاکٹر عندلیب اور اسٹاف نے بچے کی حالت کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کسی اور اسپتال میں جانے پر زور دیا۔
والدہ صفیہ بی بی کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر نے کہا بروقت ڈلیوری نہ کرائی توبچہ مرسکتا ہے، جس کے بعد اپنی بیٹی کو لے کرجیسے ہی اسپتال سے باہر نکلی تو صرف سو گز کے فاصلے پر اسپتال کے سامنے ہی رابعہ نے سڑک پر ہی بچے کو جنم دے دیا۔
بچے کی پیدائش کے بعد شور شرابا سن کر اسپتال عملہ رابعہ اور اسکے بچے کو واپس اسپتال لے گیا تاہم ورثا اور شہریوں نے ذمے داران کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔