راولپنڈی: بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں خاتون شدید زخمی ہوگئیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج کی ایل او سی پر اشتعال انگیزیاں جاری ہیں، بھارتی فوج نے کریلہ سیکٹر پر شدید فائرنگ کی جس کے نتیجے میں باٹلہ متھرانی گاؤں کی خاتون شدید زخمی ہوگئیں
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنایا، فائرنگ سے زخمی ہونے والی خاتون کو طبی امداد کے لیے قریبی میڈیکل سینٹر منتقل کردیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔
اس سے قبل گزشتہ ہفتے بھارتی فوج نے ایل او سی کے باگسر سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں ایک شہری بابر حسین زخمی ہوگیا تھا
بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ، 2 خواتین اور 2 بچے زخمی
یاد رہے کہ رواں ماہ 9 جون کو بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بلا اشتعال فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں 2 خواتین اور 2 بچے شدید زخمی ہوگئے تھے۔