واشنگٹن : امریکی خاتون لاٹری مشین سے ٹکرانے کے باعث ایک کروڑ ڈالرز کی خطیر رقم جیت گئی۔
کبھی کبھی غلطی بھی انسان کیلئے باعث آسودگی بن جاتی ہے، ایسا ہی ایک واقعہ امریکا میں پیش آیا جہاں ایک خاتون غلط بٹن دبنے کی وجہ سے اربوں روپے کی مالکن بن گئیں۔
امریکی شہر لاس اینجلس کی سپر مارکیٹ میں پاوربال جیک پاٹ پر لاکویڈرا ایڈورڈز نامی خاتون قسمت آزما رہی تھیں کہ اچانک ایک شخص ان سے ٹکرایا جس کے باعث وہ مشین پر گرپڑیں۔
خاتون مشین سے لاٹری اسکریچ کارڈ خرید رہی تھیں اور مشین پر گرنے سے غلط بٹن دب گیا جس کے باعث 30 ڈالر کے اسکریچ کارڈ کی خریداری ہوگئی۔
خاتون بہت اداس ہوئیں کیوں کہ وہ اتنا مہنگا ٹکٹ خریدنا نہیں چاہتی تھیں لیکن بجھے دل کیساتھ جب لاٹری ٹکٹ کو اسکریچ کیا تو حیران رہ گئیں کیوں کہ غلطی سے خریدے گئے لاٹری ٹکٹ سے 1 کروڑ ڈالر یعنی پاکستانی 1 ارب 80 کروڑ روپے سے زائد کی خطیر رقم انعام میں نکلی تھی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خاتون نے بتایا کہ وہ اس انعامی رقم سے ایک فلاحی تنظیم بنانے کی خواہش ظاہر کی ہے۔