اسلام آباد: ویمن چیمبر کی بانی صدر ثمینہ فاضل کا کہنا ہے کہ غربت میں کمی کے لئے خواتین کو با اختیار بنانا ضروری ہے۔
تفصیلات کے مطابق ویمن چیمبر کے تحت منعقدہ سالانہ نمائش کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ویمن چیمبر کی بانی صدرثمینہ فاضل نے ملک میں خواتین کے کردار پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر کی تاجر خواتین وزیر اعظم کے اعلان کردہ غربت مٹاؤ پراگرام کی بھرپور اور غیر مشروط حمایت کرتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبہ میں غریب خواتین کی ترقی کو توجہ دی گئی ہے اور یہ بڑی تعداد میں عوام کو خط غربت سے اوپر لے آئے گا۔
ویمن چیمبر کی بانی صدر نے بتایا کہ غربت میں کمی کے لیے خواتین کو با اختیار بنانا اور ان کی معاشی سرگرمیوں میں بھرپور شمولیت یقینی بنائی جائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بنگلا دیش نے خواتین کی مدد سے سرعت سے ترقی کی ہے اور پاکستان کو پیچھے چھوڑ دیا ہے، خواتین کو نظر انداز کر کے غربت کے خاتمہ کے لئے تین گنا زیادہ وسائل درکار ہوں گے جو ہمارے پاس نہیں ہیں۔