کراچی : اگست 2021میں ترسیلات زرمیں 27 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد ترسیلات زر 2 ارب 66کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں، اس دوران سعودی عرب سرفہرست رہا۔
تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک کی جانب سے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اگست 2021ء میں کارکنوں کی ترسیلات زر کا مضبوط رجحان جاری رہا اور ترسیلات زر 2.66 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ یہ مسلسل چھٹا مہینہ ہے کہ آنے والی رقوم اوسطاً 2.7 ارب ڈالر کے لگ بھگ رہی ہیں اور مسلسل پندرہ مہینہ ہے کہ 2 ارب ڈالر سے زائد رہی ہیں۔
مرکزی بینک کا کہنا تھا کہ نمو کے لحاظ سے ترسیلات زر اگست میں 26.8 فیصد (سال بسال) بڑھ گئیں جو اس مہینے کے لیے پوری دہائی کی بلند ترین شرح نمو ہے، ماہ بہ ماہ بنیاد پر آنے والی رقوم جولائی سے معمولی سی کم تھیں، جس سے عید کے بعد کی معمول کی سست روی کی عکاسی ہوتی ہے۔ تاہم یہ موسمی کمی اس سال تاریخی رجحانات کے مقابلے میں کہیں کم تھی۔
مجموعی طور پر 5.36 ارب ڈالر کی ترسیلات زر اس سال کے پہلے دو مہینوں کے دوران پچھلے سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 10.4 فیصد بڑھیں، اگست 2021ء کے دوران آنے والی ترسیلات زر زیادہ تر سعودی عرب (694 ملین ڈالر)، متحدہ عرب امارات (512 ملین ڈالر)، برطانیہ (353 ملین ڈالر) اور امریکہ (279 ملین ڈالر) سے آئیں۔
گذشتہ سال سے ترسیلات زر کی آمد میں مسلسل بہتری کے اسباب میں باضا بطہ طریقوں کے استعمال کی ترغیب دینے کے لیے حکومت اور اسٹیٹ بینک کے فعال پالیسی اقدامات، کووڈ 19 کی بنا پر سرحد پار سفر میں کمی، وبا کے دوران پاکستان کو بھیجی جانے والی فلاحی رقوم اور زرمبادلہ مارکیٹ کے منظم حالات شامل تھے۔
دوسری جانب وزیر مملکت فرخ حبیب نے ٹوئٹر پیغام میں بیرون ملک پاکستانیوں کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہا اگست 2021میں 2.7بلین ڈالرزترسیلات زربجھوائی گئی، ترسیلات زر اگست 2020 کے مقابلے 27فیصد اضافہ ہے جبکہ جولائی اگست میں مجموعی طور پر5.4بلین ڈالرترسیلات زر ہیں ، یہ پچھلےسال جولائی اگست سے10.4فیصد زیادہ ہے۔