عالمی بینک نے پاکستان کے مالیاتی خسارے میں کمی اور معاشی شرح نمو میں اضافے کی پیش گوئی کر دی.
عالمی بینک کی جانب سے جاری ساوتھ ایشیا اکنامک فوکس رپورٹ کے مطابق سال دوہزار سترہ تک مالیاتی خسارہ جی ڈی پی کے تین اعشاریہ پانچ فیصد جبکہ معاشی شرح نمو بتدریج اضافے سےساڑھے چار فیصد تک رہنے کا امکان ہے ۔
رواں سال معاشی ترقی کی شرح چار اعشاریہ دو فیصد اورآئندہ سال ساڑھے چار فیصد ہونے کی توقع ہے، عالمی بینک کے مطابق شرح نمو میں اضافے کی وجہ ترسیلات زر میں اضافہ اور بہتر زرعی پیداوار ہیں جبکہ مزید بہتری کیلئے توانائی بحران اور امن وامان کی خراب صورت سے نمٹنا ہوگا۔
عالمی بینک کا کہناہے کہ مالیاتی خسارے میں کمی سے نجی سیکٹر قرضوں کے حصول میں آسانی ہوگی جبکہ مالیاتی صورتحال میں بہتری کیلئے ٹیکسوں کے نظام کو بہتر بنانا ضروری ہے۔
ورلڈ بینک کے مطابق پاک چین اقتصادی راہداری پاکستان میں غیر ملکی سرمایا کاری میں اضافے کا باعث بنے گی۔