عالمی بینک اور پاکستان کے درمیان 50 کروڑ ڈالر فراہم کرنے کے معاہدوں پر دستخط ہوگئے۔
ورلڈ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق بینک پاکستان کو 50 کروڑ ڈالر فراہم کرے گا جس میں سے 20 کروڑ ڈالر پنجاب اور باقی کے 30 کروڑ ڈالر خیبر پختونخوا میں خرچ ہوں گے۔
پنجاب میں 20 کروڑ ڈالر زرعی شعبے میں اصلاحات پر خرچ ہوں گے جبکہ خیبر پختونخوا مین 30 کروڑ ڈالر مواصلات اور بنیادی سہولیات پر خرچ ہوں گے۔
’عالمی بینک پاکستان کو 2 ارب ڈالرز فراہم کرے گا‘
گزشتہ ماہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بنہاسین اور ان کی ٹیم نے ملاقات کی تھی۔
ملاقات کے بعد اعلامیہ جاری کیا گیا جس کے مطابق وزیر خزانہ نے کنٹری ڈائریکٹر کو سیلاب سے ہونے والی تباہی سے متعلق آگاہ کیا اور بتایا کہ حکومت ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ حکومت معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
ناجی بنہا سین نے کہا کہ عالمی بینک متاثرہ علاقوں میں ہنگامی کارروائیوں کے لیے مالی اعانت کرے گا، موجودہ منصوبوں کے لیے 2 ارب ڈالر کے فنڈز مختص کر رہے ہیں تقریباً 1.5 بلین ڈالر کے فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔
وزیر خزانہ نے مختلف منصوبوں میں عالمی بینک کی اعانت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اقتصادی ترقی کے لیے عالمی بینک کی مدد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔