قومی ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے آؤٹ آف فارم فخر زمان کو آرام دینے کا مشورہ دے دیا۔
حیدرآباد میں کھیلے گئے قومی ٹیم کے ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں نیدرلینڈز کے خلاف اوپنر بیٹر فخر زمان پھر ناکام ثابت ہوئے اور صرف 12 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
فخر زمان نے اننگز میں تین چوکے لگائے اور وین بیک کو وکٹ دے بیٹھے۔
واضح رہے کہ فخر زمان کو تجربہ کی بنیاد پر ٹیم میں شامل کیا گیا جبکہ عبداللہ شفیق کو فائنل الیون کا حصہ نہیں بنایا گیا تھا۔
تاہم اے اسپورٹس کے پروگرام ’دی پویلین‘ میں گفتگو کرتے ہوئے شعیب ملک نے کہا کہ فخر زمان کو آرام دینا چاہیے وہ بیٹھ کر سوچیں کہ ان سے کہاں غلطیاں ہورہی ہیں، وہ ریسٹ کرکے ٹیم میں واپس آئیں گے تو امید ہے کہ اچھا پرفارم کریں گے۔
مصباح الحق نے کہا کہ مسئلہ یہ ہے کہ فخر ایسا بیٹر ہے جہاں بال بیٹ پر تیز آئے گا وہاں اچھا کھیلے گا لیکن آتے ہی انہیں آف اسپنر مل گیا جو اچھی بولنگ کررہا تھا، سلو پچ پر ہارڈ ہینڈ سے کھیلنے والے بیٹر کو مشکل ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فخر زمان نے جنوبی افریقہ میں اچھی بیٹنگ کی لیکن جہاں پر گیند بیٹ پر سلو آئے گی وہاں پر ان کا کنٹرول نہیں ہوتا۔
مصباح الحق نے کہا کہ جب آپ رنز نہیں کررہے ہوتے تو پریشر ہوتا ہے اور صحیح فیصلہ نہیں کرپاتے کہ کس بال کو ہٹ کرنا ہے تو پھر اور زیادہ مسائل ہوتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان نے ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں نیدرلینڈز کو 81 رنز سے شکست دی ہے، قومی ٹیم اپنا دوسرا میچ 10 اکتوبر کو نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے گی۔