کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں پاک بھارت مقابلہ دیکھنے اور قومی ٹیم کو سپورٹ کرنے کے لیے چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف کل بھارت جائیں گے۔
چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ میں عمدہ کارکردگی دکھارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی اور پوری قوم کھلاڑیوں کے ساتھ ہے، بھارت جانے کا مقصد پاکستانی ٹیم کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
ورلڈ کپ ویزوں کے لیے بھارت کے پاکستانی صحافیوں سے رابطے
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کی کوششیں رنگ لے آئیں اور اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن نے پاکستانی صحافیوں سے ویزوں کے لیے رابطے شروع کر دیے ہیں اور انہیں ویزوں کے حصول کے لیے اپنے پاسپورٹ فوری طور پر بھارتی سفارتخانے میں جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستانی شائقین اور صحافیوں کو ویزوں میں تاخیر پر خود بھارت میں آوازیں اٹھ رہی ہیں اور مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ انڈین کرکٹ بورڈ تقریباً 60 پاکستانی صحافیوں کو ویزا جاری کروانے کے لیے کوشش کر رہا ہے۔