کراچی: شہرقائد کے مختلف علاقوں میں بدترین غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ برقرار ہے، کم و بیش شہر کا ہر علاقہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی زد میں ہے۔
تفصیلات کے مطابق لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کراچی کے مختلف علاقوں میں مختلف نوعیت کا ہے، شہر کے مضافاتی علاقوں میں وقفے وقفے سے لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 6سے 10گھنٹے پر محیط ہوتا ہے۔
بعض مضافاتی علاقے بارش کے بعد بجلی سے محروم رہے۔ شہر کے دیگر علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ4سے 5گھنٹے پر مشتمل ہے۔ تجارتی مراکز میں بھی لوڈشیڈنگ کے باعث سرگرمیاں متاثر ہیں۔
کراچی میں کل سے غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم ہونے کا اعلان
وہ علاقے جہاں بدترین لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے ان میں سرجانی ٹاون، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، اورنگی، بلدیہ ٹاون، سہراب گوٹھ، یونیورسٹی روڈ، جامعہ کراچی، جامعہ این ای ڈی، گلشن اقبال، گلستان جوہر، لانڈھی، کورنگی، ملیر، ماڈل کالونی، کالا بورڈ، شاہ فیصل اور محمود آباد شامل ہے۔
علاوہ ازیں اختر کالونی کے علاوہ لیاری سمیت صدر اور ایم اے جنا ح روڈ کے علاقے بھی لوڈشیڈنگ کی زد میں ہیں۔ شہریوں نے شکوہ کیا ہے کہ کے الیکٹرک کے مراکز پر رابطہ کرنے پر تسلی بخش جواب نہیں دیا جاتا۔
ان کا کہنا تھا کہ مون سون بارشوں کو بھی لوڈشیڈنگ کا جواز بنالیا جاتا ہے، لوڈشیڈنگ کے باعث پانی کی فراہمی بھی متاثر ہوتی ہے، لوڈشیڈنگ کے باوجود بھاری بھر کم بل بھی فراہم کیے جارہے ہیں۔