کراچی: شہرِ قائد کے علاقے اورنگی ٹاؤن سے تعلق رکھنے والے ایک فالودہ فروش پر قسمت مہربان ہوئی تو چھپر پھاڑ کر دولت برسی، بیٹھے بیٹھے ارب پتی بن گئے۔
تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن کے رہائشی ایک فالودے والے کو ایک غیر قانونی ٹرانزیکشن نے ارب پتی بنا دیا، ان کے بینک اکاؤنٹ میں 2 ارب روپے سے زائد کی رقم موجود ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
شہری عبد القادر کے اکاؤنٹ میں خطیر رقم کی موجودگی پر ایف آئی اے نے تحقیقات شروع کر دی ، فالودہ فروش نے بتایا کہ انھیں ایف آئی نے پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا ہے۔
فالودہ فروش عبد القادر کا کہنا ہے کہ انھیں پتا نہیں کہ ان کے اکاؤنٹ میں سوا 2 ارب روپے کیسے آئے۔ فالودہ فروش نے اپنے اکاؤنٹ کی موجودگی سے بھی لاتعلقی کا اظہار کر دیا۔
عبد القادر نے بتایا ’مجھے نہیں پتا میرا اکاؤنٹ کس نے اور کیسے کھولا، مجھے پتا ہی نہیں تھا کہ میرا بینک اکاؤنٹ ہے، میں 40 گز کے گھر میں رہتا ہوں، پتا نہیں میرے اکاؤنٹ میں اتنے پیسے کیسے آئے۔‘
یہ بھی پڑھیں: امریکی شہری نے لاٹری ٹکٹ سے 24 کروڑ 56 لاکھ ڈالر جیت لیے
فالودہ بیچنے والے شہری نے مزید کہا ’مجھے جو دستخط دکھائے گئے وہ انگریزی میں ہیں، جب کہ میں انگوٹھا چھاپ ہوں، انگریزی میں دستخط نہیں کر سکتا۔‘
فالودہ فروش نے کہا کہ انھیں محرم میں پتا چلا کہ ان کے اکاؤنٹ میں اتنے سارے پیسے ہیں، ایف آئی اے نے انھیں صرف ایک بار طلب کیا، وہاں پہنچنے پر انھیں بتایا گیا کہ اکاؤنٹ میں سوا دو ارب روپے ہیں۔
عبد القادر کے بیان کے مطابق وہ 15 سال قبل گلستانِ جوہر میں پی سی او پر کام کیا کرتے تھے، اس وقت ان سے شناختی کارڈ کی فوٹو کاپی مانگی گئی تھی۔ فالودہ فروش نے کہا ’میرے دل میں چور نہیں ہے تو میں کیوں ڈروں۔‘
اورنگی ٹاؤن میں چالیس گز کے مکان میں رہائش پذیر محنت کش فالودہ فروش عبد القادر کے گھر کے بار پولیس تعینات کر دی گئی ہے۔