چینی کمپنی شیاؤمی پہلی بار دنیا کی نمبر ون اسمارٹ فون کمپنی بننے میں کامیاب ہوگئی، سام سنگ اور ایپل بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔
بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق شیاؤمی نے اپریل سے جون 2021 کی سہ ماہی کے دوران پہلی بار دنیا کی دوسری بڑی اسمارٹ فون کمپنی بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا اور ایپل کو تیسرے نمبر پر دھکیل دیا تھا، مگر اب پہلی بار اس نے سام سنگ کو پیچھے چھوڑ کر نمبرون کا اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔
ریسرچ کمپنی کاؤنٹر پوائنٹ کی رپورٹ کے مطابق جون 2021 کے دوران شیاؤمی نے سام سنگ اور ایپل سے زیادہ اسمارٹ فونز فروخت کیے۔
جون میں کمپنی نے مئی 2021 کے مقابلے میں 26 فیصد زیادہ اسمارٹ فونز فروخت کیے اور دنیا بھر میں فون مارکیٹ میں اس کا شیئر 17.1 فیصد رہا۔
سام سنگ اور ایپل اس عرصے میں بالترتیب 15.7 فیصد اور 14.3 فیصد کے ساتھ دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔
رپورٹ میں عندیہ دیا گیا کہ شیاؤمی کی یہ برتری عارضی ہوسکتی ہے کیونکہ ویت نام میں کرونا وائرس کی نئی وبا کے باعث جون میں سام سنگ فونز کی پروڈکشن متاثر ہوئی، جس سے اس کے دستیاب فونز کی تعداد میں کمی آئی۔
سام سنگ نے بھی دوسری سہ ماہی کی آمدنی رپورٹ میں ویت نام میں لاک ڈاؤن کے باعث پروڈکشن میں مسائل کے بارے میں بتاتے ہوئے توقع ظاہر کی تھی کہ صورتحال جلد معمول پر آجائے گی۔
رپورٹ کے مطابق امریکی پابندیوں کے نتیجے میں ہواوے فونز کی فروخت متاثر ہونے کے بعد سے شیاؤمی کی جانب سے اس خلا کو بھرنے کے لیے جارحانہ کوششیں کی گئیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ شیاؤمی چین، یورپ، مشرق وسطیٰ اور افریق میں ہواوے کی جگہ لے رہی ہے، یہ وہ مارکیٹس ہیں جہاں ہواوے فونز بہت زیادہ فروخت ہوتے تھے۔
شیاؤمی کے زیادہ تر فونز کم آمدنی یا متوسط طبقے کو مدنظر رکھ کر متعارف کرائے جاتے ہیں مگر اب چینی کمپنی فلیگ شپ فونز میں بھی اپنا شیئر بڑھانا چاہتی ہے، جس پر ابھی سام سنگ اور ایپل کی بالادستی ہے۔